Live Updates

تحریک انصاف نے طالبان کی مذاکراتی کمیٹی میں عمران خان کی شمولیت سے معذرت کرلی

پیر 3 فروری 2014 17:17

تحریک انصاف نے طالبان کی مذاکراتی کمیٹی میں عمران خان کی شمولیت سے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 فروری 2014ء) تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے طالبان کی مذاکراتی کمیٹی میں عمران خان کی شمولیت مسترد کرتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔اسلام آباد میں عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں مخدوم جاوید ہاشمی، شاہ محمود قریشی ، اسد عمر، جاوید ہاشمی ، شیریں مزاری اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے شرکت کی، اجلاس میں حکومت اور طالبان کی جانب سے مذاکراتی عمل کے لئے کمیٹیوں کے قیام اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹی میں عمران خان کی نامزدگی کے حوالے سے امور پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے بعد پارٹی کی جانب سے جاری کئے گئے 5 نکاتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف عمران خان پر اعتماد کرنے پر طالبان کے شکرگزار ہیں لیکن پارٹی چیرمین حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کا حصہ نہیں بن سکتے تاہم خیبر پختونخوا حکومت کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ مذاکرات میں ہرممکن تعاون کرے، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف 4رکنی حکومتی کمیٹی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتی ہے جبکہ طالبان کی جانب سے مذاکراتی شوریٰ کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں کیونکہ تحریک انصاف اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ امن مذاکرات سے ہی بحال ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اعلامئے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف امریکی حکومت سے یقین دہانی حاصل کریں کہ مذاکراتی عمل کے دوران پاکستان کے قبائلی علاقوں میں کوئی ڈرون حملہ نہیں ہوگا۔ مذاکرات کا عمل فوری شروع کیا جائے تاکہ انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے لیکن اس سے قبل فریقین کی جانب سے جنگ بندی کو یقینی بنایا جائے، اس کے علاوہ مذاکرات شفاف طریقے سے کئے جائیں جس کی پیش رفت سے عوام اور سیاسی جماعتوں کو باخبر رکھا جائے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات