دہشت گردوں نے اب صحافیوں کو بھی نشانہ بنایا ہوا ہے اور وہ اس ملک کے اہم ستون کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں‘ شرجیل میمن

پیر 3 فروری 2014 14:46

دہشت گردوں نے اب صحافیوں کو بھی نشانہ بنایا ہوا ہے اور وہ اس ملک کے اہم ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 فروری 2014ء) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اس وقت پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور اس کے اثرات مختلف طبقات پر اثر انداز ہورہے ہیں۔ دہشت گردوں نے اب صحافیوں کو بھی نشانہ بنایا ہوا ہے اور وہ اس ملک کے اہم ستون کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ہمیشہ صحافیوں فلاح و بہبود کے لئے کام کیا ہے اور اب بھی وہ صحافیوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

صحافی شان ڈھر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے وزیر اعلیٰ سندھ نے خصوصی احکامات جاری کئے ہیں اور ان کے لواحقین کو معاوضے کے ساتھ ساتھ ان کے گھر کے ایک فرد کو سرکاری نوکری بھی دی جائے گی۔ کراچی سے کشمور تک صحافیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر خاموش نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی پریس کے 200 صحافیوں کو منگل کے روز پلاٹس دینے کی تقریب منعقد کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو سندھ اسمبلی میں صحافیوں کی جانب سے لاڑکانہ کے صحافی شان ڈھر کے قتل، کندھ کوٹ میں صحافی کے گھر پر فائرنگ اور کے ٹی این کے کیمرہ میمن کے گھر پر پولیس کی چڑھائی کے خلاف کئے جانے والے ٹوکن واک آؤٹ کے بعد میڈیا گیلری میں صحافیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سنیئر صحافیوں حبیب خان غوری، شاہد جتوئی، ارباب چانڈیو، شاہد غزالی، محمد رفیق بلوچ،عبدالرحمن اور دیگر نے صوبائی وزیر کو ٹوکن واک آؤٹ کے اسباب سے آگاہ کیا اور کہا کہ صوبہ سندھ میں صحافیوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اور صحافیوں کے قتل عام کا سندھ حکومت سنجیدگی سے نوٹس لے اور صحافیوں کے تحفظ کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

سینئر صحافیوں نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ کئی صحافیوں کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ اور خود ان کی جانب سے معاوضے اور دیگر اعلانات پر بھی عمل درآمد نہیں کیا جارہا۔ صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے وہ وزیر اعلیٰ سندھ سے مل کر ان کا حل کروائیں گے اور شہید صحافی شان ڈھر کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :