کراچی‘ تیز رفتار گاڑی کھمبے سے جاٹکرائی، 2افراد جاں بحق

پیر 3 فروری 2014 14:44

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 فروری 2014ء)صوبائی دارالحکومت کراچی میں شاہراہ فیصل پر عوامی مرکز کے قریب تیز رفتار گاڑی کھمبے سے ٹکراگئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق عوامی مرکز کے قریب تیز رفتار گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہو کر سڑک کنارے نصب بجلی کے کھمبے سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت گاڑی میں سوار دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

دونوں افراد کی لاشوں کو جناح ہسپتال منتقل کر دیا گیا ، گاڑی کے ٹکرانے سے بجلی کا کھمبا اور تار سڑک پر گر گئے ہیں تاہم ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوئی۔ مرنے والوں کی شناخت تا حال نہیں ہو سکی۔ادھر کراچی کے علاقے سولجر بازار میں کمیونٹی پولیس کے اہلکار نے کرکٹ کھیلنے سے روکنے پر باز نہ آنے والے نوجوانوں پر فائرنگ کردی، جس سے دو نوجوان زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

ایس پی جمشید کوارٹر رانا شعیب کے مطابق کرکٹ کھیلنے سے روکنے پر کمیونٹی پولیس کے اہلکاروں اور کرکٹ کھیلنے والے نوجوانوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اسی دوران کمیونٹی پولیس کے اہلکار نے فائرنگ کردی جس سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کرکٹ کھیلنے والوں نے اسلحہ چھیننے کی کوشش کی جس پر پولیس نے فائرنگ کی۔ فائرنگ کے واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے کمیونٹی پولیس کی وین کو آگ لگا دی۔ علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ہمارے بچے یہاں کرکٹ کھیلنے آئے تھے کہ پولیس نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر فائرنگ کی گئی۔