کس حد تک ڈٹے رہ سکتے ہیں ، ذکاء اشرف نے وزیراعظم کو اعتماد میں لینے کا اصولی فیصلہ کرلیا

پیر 3 فروری 2014 14:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 فروری 2014ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین چوہدری ذکاء اشرف نے بگ تھری کے معاملہ پر وزیر اعظم محمد نواز شریف کو اعتماد میں لینے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے ، وزیراعظم سے ملاقات اور رہنمائی کیلئے دوسرا خط تحریر کردیا ہے جبکہ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیر زادہ نے کہاہے کہ کرکٹ اور ہاکی کے بہتر مستقبل کا فیصلہ وزیر اعظم کرینگے ۔

ذرائع کے مطابق ذکاء اشرف نے آئی سی سی بگ تھری کے معاملے پر پیٹرن چیف وزیر اعظم نواز شریف کو خط ارسال کردیا جس میں انہیں دبئی میں آئی سی سی کے ہونیوالے اجلاس اور بگ تھری کے معاملے پر آگاہ کیا گیا اورکہا گیا کہ معاملے میں آئندہ کی حکمت عملی طے کرنے کیلئے پیٹرن چیف سے مشاورت درکار ہے۔

(جاری ہے)

ذکا ء اشرف نے کہا کہ وہ آئی سی سی میں ہونے والی مجوزہ تبدیلیوں پر ڈٹ توگئے تھے تاہم اب انھیں یہ دیکھنا ہے کہ وہ مزید کس حد تک ڈٹے رہ سکتے ہیں۔

ذکا ء اشرف نے کہا کہ انھیں وزیر اعظم نواز شریف کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔ادھر ایک انٹرویومیں وفاقی وزیربرائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ چیئرمین کرکٹ بورڈ ذکاء اشرف کا بگ تھری سے متعلق بیان کا جائزہ لیں گے اور کرکٹ اور ہاکی کے بہتر مستقبل کا فیصلہ وزیر اعظم کریں گے کیونکہ ان کی فہم و فراست پر کوئی شک نہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین کرکٹ بورڈ ذکاء اشرف نے وزیر اعظم سے ملاقات کا وقت مانگ کر اچھا فیصلہ کیا ہے اور پوری قوم نے ان کے بیان کو سراہا اور اسے خوش آئند قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :