Live Updates

طالبان کی نمائندگی، پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے آج اجلاس طلب

پیر 3 فروری 2014 11:49

طالبان کی نمائندگی، پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے آج اجلاس طلب

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3 فروری 2014ء) طالبان کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی میں جن رہ نماوٴں کے نام شامل کیے گئے ہیں، وہ خود بھی کنفیوژن کا شکار نظر آتے ہیں، طالبان کے فیصلے پر غور کے لیے تحریک انصاف اور جے یو آئی ایف نے اپنی اپنی جماعتوں کے آج اجلاس بھی طلب کر لیے ہیں۔ حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کے لیے طالبان کی جانب سے نمائندگی پر ہاں کریں یا ناں ،اس بارے میں غور کے لیے پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علمائے اسلام ف نے آج اپنی اپنی بیٹھکیں طلب کرلی ہیں،کالعدم تحریک طالبان نے اپنی کمیٹی میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، جمعیت علمائے س کے سربراہ مولانا سمیع الحق اور جماعت اسلامی کے پروفیسر ابراہیم کو بھی شامل کیا ہے تاہم اس فیصلے پر عمران خان کا یہی رد عمل سامنے آیا ہے کہ طالبان کمیٹی میں اپنے لوگوں کوشامل کریں،طالبان کی جانب سے کمیٹی کے لئے نامزد کئے جانے پر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے امیر پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ میں کس کمیٹی کا رکن ہوں، وقت کے ساتھ ساری کنفیوژن دور ہوجائے گی، طالبان کی جانب سے قاری شکیل اور ترجمان شاہد اللہ شاہد نے مجھ سے رابطہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وہ حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات میں ثالث بالخیر کا کردار ادا کریں گے،دوسری جانب طالبان کمیٹی میں شامل مولانا عبدالعزیز کی اہلیہ ام حسان کا کہنا ہے کہ آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں ہے، مذاکرات کیلئے دونوں طرف سے جنگ بندی اور زبان بندی بھی ضروری ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات