تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے مذاکرات کے لئے نامزدہ کردہ ناموں پر سنجیدگی سے غور کرنا ہو گا ،مولانا فضل الرحمن

اتوار 2 فروری 2014 18:55

تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے مذاکرات کے لئے نامزدہ کردہ ناموں پر ..

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 فروری ۔2014ء) جمعیت علمائے اسلام (ف)کے رہنما مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے مذاکرات کے لئے نامزدہ کردہ ناموں پر سنجیدگی سے غور کرنا ہو گا ، سویت یونین کے خاتمے کے بعد دنیا میں اپنا تسلط جمانے کے لئے امریکا کا اپنا ایجنڈا ہے، جنگ ہماری ضرورت نہیں یہ امریکا اور مغرب کی ضرورت ہے ، پشاور سے نیٹو سپلائی بند نہیں، نیٹو سپلائی کو دو سپاہیوں کے ذریعے روکا جاسکتا ہے ، صوبائی حکومت خود بھی آگے نہیں آرہی ہے ،کارکنوں کو بٹھا دیا گیا ہے ۔

اتوار کو یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہاکہ سویت یونین کے خاتمے کے بعد دنیا میں اپنا تسلط جمانے کے لئے امریکا کا اپنا ایجنڈا ہے، جنگ ہماری ضرورت نہیں یہ امریکا اور مغرب کی ضرورت ہے،2001 موجودہ صورت حال کے بعد غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے اور آج دنیا میں جو خونریزی ہورہی ہے اس کا ذمہ دار امریکا اور پاکستان میں جو کچھ ہورہا ہے اس کے ذمہ دار پرویز مشرف ہیں، انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان جسے حکومت نے کالعدم قرار دے رکھا ہے ایک تنظیم ہے ایسی صورت حال میں کیا طالبان اپنی تنظیم سے باہر سے بھی نام لے سکتے ہیں اس کے علاوہ طے شدہ امور سے ہٹ کر عوام کو سرپرائز دیئے جارہے ہیں ان تمام امور پر پارٹی سطح پر غور کیلئے(کل) پیر کو اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جس کام کا آغاز نیک نیتی سے کیا جائے اسے اسی نیت کے ساتھ انجام تک پہنچانا چاہیے، مذاکرات کے دوران آپریشن کی باتیں نہیں ہونی چاہئے اس لئے وہ سمجھتے ہیں کہ فریقین کے درمیان جنگ بندی سے پہلے زبان بندی بھی ہونی چاہئے، انہوں نے کہا کہ ہم سفارتی ذرائع کے ذریعے امریکا کو یہ باور کراسکتے ہیں کہ وہ پاکستان کے اندر مفاہمتی عمل کو سبوتاژ نہ کرے۔

جے یو آئی کے سربراہ نے کہاکہ پشاور سے نیٹو سپلائی بند نہیں، نیٹو سپلائی کو دو سپاہیوں کے ذریعے روکا جاسکتا ہے اور صوبائی حکومت خود بھی آگے نہیں آرہی بلکہ کارکنوں کو دھرنے پر بٹھا دیا گیا ہے، غور طلب بات ہے کہ امریکا پاکستان کو دھمکی دے رہا ہے کہ نیٹو سپلائی بند ہوئی تو وہ امداد روک دیگا تاہم جو راستہ روک رہا ہے اسے امریکا امداد دے رہا ہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ ڈرون حملے روکنے کیلئے سفارتی تعلقات استعمال کریں امریکا نے پہلے بھی ڈرون کے ذریعے مذاکرات ختم کیے تھے۔ امریکا طاقت کے ذریعے دنیا میں اپنا اثر و رسوخ بڑھا رہا ہے ملک کو اس وقت امن کی ضرورت ہے۔