الطاف حسین کی کردار کشی کرنے والے گورے انگریزوں کو معافی مانگنی پڑیگی، فاروق ستار،لطاف حسین پاکستان میں استحکام کی ضمانت اور علامت ہیں، الطاف حسین کے خلاف پروپیگنڈا پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے مترادف ہے،اجتماع سے خطاب

اتوار 2 فروری 2014 18:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 فروری ۔2014ء) متحدہ قومی مومنٹ (ایم کیوایم )کے قومی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈرڈاکٹر فاروق ستارنے کہاہے کہ قائد تحریک الطاف حسین کی کردار کشی کرنے والے گورے انگریزوں کو بہت جلد اپنا بیان واپس لینا پڑے گا۔وہ اتوارکوبی بی سی کی جانب سے پیش کردہ دستاویزی فلم کے خلاف کراچی میں الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے لئے نیو ایم اے جناح روڈ پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔

اس موقع پر رابطی کمیٹی کے کنوینئرخالدمقبول صدیقی،رابطہ کمیٹی کے اراکین عامرخان ،امین الحق سمیت ہزاروں افرادموجود تھے۔فاروق ستار نے کہاکہ آج کا مظا ہرہ ٹو ان ون ہے، ایک طرف توعوام کا یہ ٹھا ٹھیں مارتا سمندر الطاف حسین کے ساتھ اظہار یک جہتی کا منہ بولتا ثبوت ہے اور دوسری الطاف حسین کی کردار کشی کرنے والوں اور ایم کیو ایم کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کی واضح ناکامی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین پاکستان میں استحکام کی ضمانت اور علامت ہیں، الطاف حسین کے خلاف پروپیگنڈا پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ بی بی سی کی دستاویزی فلم بد ترین صحافتی بددیا نتی اور آزادی صحافت کے منافی ہے، اس گمراہ کن پروپیگنڈے کا مقصد الطاف حسین اور ایم کیو ایم کو پاکستان کی سلامتی اور بقا کے لئے لڑی جانے والی جنگ میں اپنا کردار ادا کرنے سے روکنا ہے۔

ڈاکٹرفاروق ستانے کہا کہ ایم کیو ایم ایک پر امن، جمہوریت پسند، عدم تشدد کی حامی اور اظہار رائے پر یقین اور آزادی صحافت کی علم بردار جماعت ہے، ایم کیو ایم اپنے اوپر کی جانے والی مخالفت کو بھی کھلے دل سے تسلیم کرتی ہے لیکن ایم کیو ایم اور الطاف حسین میڈیا ٹرائل کو نہ صرف مسترد کرتے ہیں بلکہ اس کی پر زور مذمت بھی کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ آج سے 20 سال پہلے کالے انگریزوں نے بھی الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے خلاف پروپیگنڈا کیا تھا لیکن آخر کار انھیں یہ تسلیم کرنا پڑا کہ ایم کیو ایم کے خلاف پروپیگنڈا سراسر جھوٹ پر مبنی تھا اب اگر دنیا کا نو آبادیاتی نظام چلانے والے گورے انگریزوں نے ہمارے خلاف پروپیگنڈا کیا ہے تو انھیں بھی بہت جلد اپنا بیان واپس لینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ بی بی سی کا معیار یہ ہے کہ 1965 کی پاک بھارت جنگ میں بھی اس ادارے نے یہ خبر نشر کی تھی کہ بھارتی افواج نے لاہور کو فتح کر لیا ہے لیکن چند روز بعد یہ واضح ہوا کہ یہ سب جھوٹ تھا، ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف کئے جانے والے پروپیگنڈے اور سازش کے خلاف ہر قانونی طریقہ استعمال کرے گی۔فاروق ستار نے کہاکہ الطاف حسین نے سیاست سے پہلے خدمت کا آغاز کیا اور آج کا جلسہ اس کا ثبوت ہے، قدرت الطاف حسین کے ساتھ ہے اور ایم کیو ایم عالمی سازشوں کو بے نقاب کرے گی۔