کراچی ،گلشن غازی میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں کے کارندوں سمیت23ملزم گرفتار، اسلحہ برآمد،فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ، ایک شخص زخمی ،مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی

اتوار 2 فروری 2014 15:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 فروری ۔2014ء) کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جرائم پیشہ عناصرکے خلاف کارروائیوں میں تیزی اتوارکوقانون نافذکرنے والے اداروں نے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے گلشن غازی میں سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیموں کے کارندوں سمیت 23ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ ادھر فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اورایک شخص زخمی ہو گیا۔

پاکستان رینجرزذرائع کے مطابق رینجرزنے اتوارکی علی صبح گلشن غازی میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا ، 4گھنٹے تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن میں رینجرز کے 1000 اہلکاروں نے حصہ لیا جن میں خواتین اہلکار بھی شامل تھیں، آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کرکے گھر گھر تلاشی لی گئی۔

(جاری ہے)

رینجرز حکام کے مطابق آپریشن کے دوران سراغ رساں کتوں کی مدد سے اسلحہ اوربارود کی تلاش بھی لی گئی۔اس ضمن میں ترجمان سندھ رینجرز بریگیڈیئر حامد نے بتایاکہ ہم اپنے جوانوں کی شہادت کو ہرگز نہیں بھلائیں گے ، دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کا پیچھا کرتے رہیں گے، گلشن غازی اور اتحاد ٹاؤن میں موجود جرائم پیشہ عناصر اپنا نیٹ ورک چلا رہے تھے، آپریشن کے دوران 23 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے مختلف اقسام کے 40 ہتھیار برآمد کئے گئے ہیں ۔

ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ اوردستی بم برآمد ہوئے۔ادھر کراچی کے علاقے لیاری موسی لین میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون اور ایک شخص زخمی ہو گیا۔ دونوں زخمیوں کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ دونوں افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ دوسری جانب کراچی کے علاقے سائٹ مومن آباد تھانے کی حدود میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے ایک جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کی لاش کو شناخت اور دیگر کاروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :