سری لنکا کرکٹ بورڈ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ڈرافٹ تجاویز پر فیصلہ (کل) کریگا، بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ آئی سی سی گورننگ باڈی کے مکمل اختیارات حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں ،رپورٹ

اتوار 2 فروری 2014 12:37

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 فروری ۔2014ء) سری لنکا کرکٹ بورڈ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ڈرافٹ تجاویز پر فیصلہ (کل) پیر کو کریگا۔ سری لنکا کرکٹ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سری لنکا کرکٹ کا آئی سی سی ڈرافٹ تجاویز کے معاملے کے حوالے سے ہفتہ کو ہنگامی اجلاس ہوا جس میں کئی گھنٹوں تک بگ تھری ممالک کی تجاویز کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں زیادہ تر بورڈ اراکین نے بگ تھری تجاویز کی مخالفت کی جس کی وجہ سے اجلاس کسی نتیجہ کو نہ پہنچ سکا اور ڈرافٹ تجاویز پر فیصلہ (کل) پیر تک موخر کر دیا گیاتھامیڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ آئی سی سی گورننگ باڈی کے مکمل اختیارات حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور انہوں نے ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے بورڈز کو اپنے ساتھ ملا لیا ہے تاہم پاکستان اور سری لنکن بورڈ تا حال اس پلان کے مخالف ہیں۔

(جاری ہے)

سری لنکا کرکٹ کا اجلاس (کل) پیر کو دوبارہ ہو گا جس میں آئی سی سی ڈرافٹ تجاویز پر حمایت یا پھر مخالفت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ آئی سی سی ایگزیکٹو بورڈ کا دو روزہ اجلاس 28 اور 29 فروری کو دبئی میں منعقد ہوا تھا جس میں بگ تھری تجاویز کو پیش کیا گیا تھا تاہم پاکستان، سری لنکا اور جنوبی افریقن بورڈ کے سربراہان کی مخالفت کی وجہ سے اجلاس بغیر کسی نتیجہ کو پہنچے ختم ہوا تھا اور اب آئی سی سی کے اگلے اجلاس میں ان تجاویز پر دوبارہ بحث ہو گی۔