جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے باوجود فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار‘خاتون اور چھیپا رضاکار سمیت6افراد ہلاک ہوگئے،پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مختلف علاقوں سے 2ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے اسلحہ برآامد کرلیا۔پیرآباد پولیس اسٹیشن پر کریکر حملہ دو پولیس اہلکار زخمی

ہفتہ 1 فروری 2014 23:09

جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں کے باوجود فائرنگ اور پرتشدد واقعات ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1 فروری ۔2014ء) شہر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے باوجود فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار‘خاتون اور چھیپا رضاکار سمیت6افراد ہلاک ہوگئے۔فائرنگ کے دیگر واقعات میں متعددافراد زخمی ہوگئے ۔پولیس نے چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران مختلف علاقوں سے 2ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرکے اسلحہ برآامد کرلیا۔

پیرآباد پولیس اسٹیشن پر کریکر پھینکا گیا ۔ جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔اس پہلے بھی اس تھانہ پر حملہ کیا جاچکا ہے۔تفصیلات کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن نمبر ساڑھے گیارہ رئیس آمروئی گوٹھ عزیز ہوٹل کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے سب انسپیکٹر 38سالہ نیازاحمد ولد عبدالمجید کو جاں بحق کردیا ‘اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لیکر ضابطے کی کاروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مقتول عزیزہوٹل کے قریب کھڑا ہوا تھا کہ ملزمان نے گولیوں کا نشانہ بنا دیا ‘مقتول اسپیشل بعانچ میں سب انسپیکٹر تعینات تھا اوراورنگی ٹاؤن نمبر ساڑھے گیارہ لعل شہبازنگرکا رپائشی تھا۔لیاری کے علاقے بغدادی اور کلاکوٹ میں دو گرہوں کے درمیان فائرنگ اور آوان راکٹوں سے حملوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ اس دوران مسلح افراد نے چاکیواڑہ میں چھیپا کے سینٹر پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چھیپا رضاکارڈرائیور40سالہ لال محمد بلوچ عرف لالو ولد محمد ہاشم سر میں گولی لگنے جاں بحق ہوگیا۔

مقتول نے دو شادیاں کی تھیں اور وہ4بچوں کا باپ جن میں 2لڑکیاں اور 2لڑکے ہیں‘مقتول 4بھائیوں میں تیسرے نمبر پر اور چاکیواڑہ کا رہائشی بتایا جاتا ہے ‘مقتول کی نماز جنازہ سنگولین میں اداکی گئے جبکہ تدفین میوہ شاہ قبرستان میں ہوئی‘ کلاکوٹ تھانے میں مقتول کا مقدمہ 42/14زیر دفعہ 302/34محمد ابراہیم کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا‘واضح رہے کہ چھیپا ویلفئر کا دوسرے رضا کارقتل ہواہے۔

اسی دوران مورچہ بند فائرنگ کے نتیجے میں بغدادی میں 30سالہ نسیمہ زوجہ قذافی بلوچ جاں بحق ہوگئی۔مقتولہ شاہ بیگ لین لیاری کی رہائشی تھی۔فائرنگ کی زد میں آکر کمیلا اسٹاپ پر سلیم ،سلمان ،لیاری جنرل اسپتال پر عباس ولد بخت اور15سالہ پپو زخمی ہوگئے۔واقعات کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لیاری کے مختلف علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا ۔

نیو کراچی تھانے کی حدودنیو کراچی سیکٹر 11-Jنالا اسٹاپ کے قریب مسلح افراد نے دکان پر فائرنگ کردی ،جس کے نتیجے میں 45سالہ محمد سلیم ولد محمد رمضان ہلاک ہوگیا ۔پولیس نے لاش کو تحویل میں لیکر قریبی اسپتال منتقل کردیا ۔ایس ایچ او چوہدری افضل کے مطابق مقتول کی کریانہ کی دکان تھی ‘جہاں ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کردیا ‘مقتول 12بچوں کا باپ اور نیوکراچی 11-Jکا رہائشی تھا۔

چاکیواڑہ تھانے کی حدود میراناکہ پل کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے 25سالہ شخص کو ہلاک کردیا ‘پولیس نے لاش کو تحویل میں لیکر قریبی اسپتال منتقل کردیا ۔پولیس کے مطابق مقتول کی عمر 25سالہ کے درمیان ہے ‘مقتول نے نیلی جینس اور سفید رنگ کی شرٹ پہن رکھی ہے ‘تاہم لاش کی شناخت نہ ہوسکی ‘لاش کو ضابطے کی کاروائی کے بعد سرد خانے منتقل کردیا گیا۔

محمود آباد تھانے کی حدود اعظم بستی روٹ نمبر 11-Cمنی بس کے اسٹاپ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 32سالہ بلال خان ولد محمد پرویز ہلاک ہوگیا‘لاش کو پولیس نے تحویل میں لیکر ضابطے کی کاروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا ۔ایس ایچ او فیصل کے مطابق مقتول گھر کے قریب ایک شخص کے ساتھ بیٹھا ہوا تھا جس نے گولیاں مار کر قتل کردیا ‘مقتو ل رکشہ چلاتا تھا‘مقتول کا آبائی تعلق ہزارہ سے تھا اور اعظم بستی گلی نمبر 8کا رہائشی تھا۔

سہراب گوٹھ میں مسلح افراد کی فائرنگ سے 30سالہ سید ناصر عباس زخمی ہوگیا۔دوسری جانب سے پولیس نے سعید آباد تھانہ کی حدود میں کارروائی کرکے 5افراد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلرشاہد حسین عرف شعیب کو گرفتار کرلیا ۔ملزم کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور دستی بم برآمد ہوا ۔میمن گوٹھ گڈاپ سٹی پولیس نے ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 3ملزمان محمد امین خاصخیلی ،طاہر علی خاصخیلی اور الطاف حسین میر کو غفور بستی سے گرفتار کرلیا ۔

ملزمان کے قبضے سے 3ٹی ٹی پستول برآمد ہوئے ۔علاوہ ازیں سی آئی ڈی انٹروگیشن سیل نے مظہر مشوانی کی سربراہی میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارکر لیاری گینگ وار تاجو گروپ کے کارندے مصطفی ولد عبدالرحمن کو گرفتار کرلیا ۔پولیس کے مطابق ملزمان بھتہ خوری ،ٹارگٹ کلنگ ،اغواء برائے تاوان جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے ۔

پیرآباد تھانے پرموٹر سائیکل سوار ملزمان کریکر پھینک کر فرار ہوگئے۔جس کے نتیجے میں تھانے کے احاطے میں موجود دو پولیس اہلکار اشفاق اور فیصل کو معمولی زخم آئے ہیں۔ایک ہفتہ پہلے بھی اس پولیس اسٹیشن پر بوتل بم پھینکا گیا تھا، جو پھٹ نہیں سکا تھا۔ پولیس نے بنارس پل کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔