پاکستان مستقبل میں خطے کی معاشی خوشحالی و استحکام کا ذریعہ بنے گا، ممنون حسین، تعلیم تک آسان رسائی حکومت کی اولین ترجیح ہے، مسلم ممالک کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا،اسلامی یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،صدر پاکستان کا اسلامی یونیورسٹی کے نویں کانووکیشن کی تقریب سے خطاب،طالبات کے لیے نویں کانوکیشن کی تقریب کا انعقاد( کل) ہوگا

ہفتہ 1 فروری 2014 21:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1 فروری ۔2014ء) صدرپاکستان اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے چانسلر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم دنیا کا اہم ملک ہے جو مستقبل میں خطے میں معاشی خوشحالی اور استحکام کا ذریعہ بنے گا، پاکستان اور مسلم دنیا کے نوجوان امت کو ترقی و خوشحالی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے نویں کانووکیشن میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں کل 4306 طلباء کو ڈگریاں دیں گئیں جن میں 44پی ایچ ڈی 631 ایم فل ،1452 ماسٹرز اور 2179بیچلرز ڈگریاں شامل ہیں ۔ اس موقع پر پرو چانسلر اسلامی یونیورسٹی ڈاکٹر سلیمان عبداللہ ابا الخیل، ریکٹرجامعہ ڈاکٹر معصوم یٰسین زئی ، صدر جامعہ ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش اور نائب صدر جامعہ تدریسی امور ڈاکٹر محمد بشیر خان، ڈائریکٹر جنرل انتظامی و مالیاتی امور گلزار احمد خواجہ ، مختلف ممالک کے سفراء ، ہائی کمشنرزکئی معروف سماجی و سیاسی شخصیات اور طلباء اور ان کے والدین بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ممنون حسین نے کہا کہ اسلامی یونیورسٹی جیسے تعلیمی ادارے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ، حکومت تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات جاری رکھے گی کیونکہ تعلیم تک آسان رسائی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے مسلم دنیا کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلم ممالک کو اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا ہوگا اور اپنے مسائل کومربوط حکمت عملی وضع کرتے ہوئے مل کر حل کرنا ہوگا۔

دوران تقریب شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہ عبداللہ بند عبدالعزیز کے نمائندہ کو جامعہ کے چانسلر کی حیثیت سے ڈاکٹر آف فلاسفی سیاسیات اور بین الاقوامی تعلقات کی اعزازی ڈگری دینا ان کے لیے انتہائی باعث مسرت ہے۔ انہوں نے طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ علم کی تحصیل ایک ہمیشہ جاری رہنے والا عمل ہے اور طلبا کو علم کے حصول کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے اسے امن و استحکام کے فروغ کا سبب بنانا چاہیے انہوں نے طلبا کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آپ عملی زندگی میں داخل ہونے جا رہے ہیں تاہم اس دوران طلبا اپنے والدین کے پیار اور محنت کو کبھی نہ بھولیں جنہوں نے مصائب کی پروا کیے بغیر ان کو تعلیم دلوائی ۔

انہوں نے طلبا کو مبارک باد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ جامعہ سے فارغ التحصیل طلبا انسانیت کی خدمت کریں گے اور امت کی ترقی کا بہترین ذریعہ ثابت ہوں گے۔ انہوں نے جامعہ کی نو فیکلٹیز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ آئی ٹی ، انجنیرنگ اور دیگر شعبوں میں بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مزین افراد کی تشکیل کرتے ہوئے انہیں بہترین تعلیمی ماحول فراہم کر رہی ہے۔

صدر پاکستان نے کہا کہ جامعہ میں مختلف ممالک کے طلباء و طالبات کی موجودگی اس بات کی غماز ہے کہ جامعہ بلا شبہ ایک بین الاقوامی ادارہ ہے۔ کانووکیشن تقریب میں پروچانسلر جامعہ ڈاکٹر سلیمان عبداللہ ابا الخیل نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے نمائندہ کی حیثیت سے صدر پاکستان سے ڈگری وصول کرنا ان کے لیے باعث فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ امت مسلمہ کی نوجوان نسل کو بہترین تعلیم و تربیت فراہم کر رہی ہے ۔اور یہ نوجوان امت مسلمہ کی ترقی کا بہتریں ذریعہ ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ میں سعودی عرب او رپاکستان کا تعاون دونوں ممالک کے بردرانہ تعلقات کی واضح مثال ہے ۔انہوں نے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی وہ پوری لگن اور جذبے کے ساتھ امت کی خدمت کریں گے۔

اس موقع پر ریکٹر جامعہ اور صدر جامعہ نے بھی خطاب کیا اور طلبہ کو مبارکبا دی۔ دریں اثنا کامیاب طلباء نے گولڈ میڈل ملنے اور صدر پاکستان کے ساتھ تصاویر کھچوانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس تقریب کو یادگار قرار دیا۔ واضح رہے کہ اسلامی یونیورسٹی کی طالبات کے لیے نویں کانوکیشن کی تقریب کا انعقاد کل اتوار کے روز کیا جائے گا جس کے مہمان خصوصی پروچانسلر جامعہ ڈاکٹر عبداللہ سلیمان ابو الخیل ہوں گے۔