ایم کیوایم کے وفد کی برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر سے ملاقات،خط کی شکل میں احتجاجی یاد داشت پیش کی،احتجاجی یادداشت میں کہا گیا بی بی سی کی دستاویزی فلم الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف اور بددیانتی پر مبنی ہے ،ایم کیوایم آزاد صحافت پر یقین رکھتی ہے ،میڈیا ٹرائل کو زرد صحافت سمجھتی ہے ، ایم کیوایم کے اعلیٰ سطح کے وفد کی گفتگو ۔ تفصیلی خبر

ہفتہ 1 فروری 2014 20:47

ایم کیوایم کے وفد کی برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر سے ملاقات،خط کی شکل میں ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1 فروری ۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی اور اراکین پارلیمنٹرین کے 7رکنی اعلیٰ سطح کے وفد نے ہفتہ کے روز کراچی میں متعین برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر جان ٹک ناٹ سے ملاقات کی اور انہیں برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے نام خط کی شکل میں احتجاجی یاد داشت پیش کی ۔ احتجاجی یاد داشت میں کہا گیا ہے کہ بی بی سی نے قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف بد دیانتی پر مبنی دستاویزی فلم نشر کی ہے جس سے کروڑوں عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔

ایم کیوایم کے وفد میں رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، رابطہ کمیٹی کے رکن و قومی اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاروق ستار ، رابطہ کمیٹی کی رکن محترمہ نسرین جلیل ، ایم کیوایم کے سینیٹر بیرسٹر فروغ نسیم ، سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری ، سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے پارلیمانی لیڈر سردار احمد اور سندھ اسمبلی میں ایم کیوایم کے ڈپٹی پارلیمانی خواجہ اظہار الحسن شامل تھے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم کیوایم کے اعلیٰ سطح کے وفد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے لیکن کسی کے خلاف میڈیا ٹرائل کو زرد صحافت سمجھتی ہے اور اس کے خلاف اپنا جمہوری ، قانونی اور آئینی حق محفوظ رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف بی بی سی نے یہ دوسری ڈاکومنٹری فلم نشر کی ہے جس سے نہ صرف بی بی سی کی ساکھ متاثر ہورہی ہے بلکہ عالمی میڈیا کے ذریں اور صحافت اصولوں بھی تنقید کی زد میں آچکے ہیں ۔