ایم کیو ایم کے وفد کی برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر سے ملاقات، وزیراعظم کے نام احتجاجی خط پیش

ہفتہ 1 فروری 2014 18:58

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔1فروری۔2014ء) متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر سے ملاقات کرکے انہیں برطانوی وزیراعظم کے نام احتجاجی خط پیش کیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں بیرسٹر فروغ نسیم، ڈاکٹر فاروق ستار، سینیٹر نسرین جلیل، خواجہ اظہار الحسن اور فیصل سبزواری سمیت 7 رکنی وفد نے کراچی میں برطانوی قونصل خانے میں ڈپٹی ہائی کمشنر سے ملاقات کرکے برطانوی وزیر اعظم کے نام ایک احتجاجی خط کی شکل میں یادداشت پیش کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ایم کیو ایم آزادی صحافت پر یقین رکھتی ہے لیکن برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی جانب سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بارے میں جو بے بنیاد باتیں پھیلائی جارہی ہیں وہ زرد صحافت کے زمرے میں آتا ہے۔

(جاری ہے)

وفد کے شرکا نے ڈپٹی ہائی کمشنر کو پیش کی گئی یادداشت میں ہے کہ بی بی سی کی جانب سے جو رپورٹ دکھائی جارہی ہے اس سے کراچی سمیت ملک بھر کے حق پرست عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اس لئے اس میڈیا ٹرائل کو روکا جائے اور اصل حقائق کو عوام کے سامنے لایا جائے۔واضح رہے کہ چند روز قبل بی بی سی نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس اور منی لانڈرنگ کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کئی اکاؤنٹس بند کردیئے ہیں۔