قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں میں اچانک تیزی، مقابلوں کے دوران گینگ وار کے کارندے اور ناظم آباد میں بم دھماکوں میں ملوث 2دہشت گردوں سمیت پانچ ملزمان مارے گئے

ہفتہ 1 فروری 2014 16:01

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1 فروری 2014ء)کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں رات بھر جاری رہیں۔ مقابلوں کے دوران گینگ وار کے کارندے اور ناظم آباد میں بم دھماکوں میں ملوث 2دہشت گردوں سمیت پانچ ملزمان مارے گئے جبکہ رینجرز نے سہراب گوٹھ کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کے دوران12مبینہ ملزمان کو حراست میں لے کراسلحہ برآمد کرلیا ہے،ادھر پیرآباد پولیس اسٹیشن پر کریکر پھینکا گیا ۔

جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔اس پہلے بھی اس تھانہ پر حملہ کیا جاچکا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں میں اچانک تیزی آگئی ہے، رینجرز اور پولیس نے 4مبینہ مقابلوں میں 5 ملزمان ہلاک کر دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق رینجرزکو خفیہ اطلاع ملی کہ بلدیہ ٹاؤنکے کاٹیج ایریا میں کالعدم تنظیم کے دہشت گرد موجود ہیں۔

جوکہ 29جنوری کو ناظم آباد رینجرزہیڈکوارٹرسمیت رینجرزچوکی پر حملے میں ملوث ہیں،جس پر رینجرزاور پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کرلیا اسی دوران ملزمان نے فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دودہشت گردمارے گئے جن کی شناخت نہیں ہوسکی ہے تاہم ملزمان کے ساتھی فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔ادھر لیاری میں ذکری اور علی محمدمحلہ ایک مشترکہ آپریشن کے دوران مقابلے میں غفارذکری کاقریبی ساتھی شاہ میربلوچ ہلاک ہوگیا ہے۔

ملزم آج کل بابالاڈلہ گروپ کے ساتھ کام کررہاتھا اور11مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دودستی بم برآمدہوئے ہیں۔ مقابلے کے دوران علاقے میں شدید خوف پھیل گیا جبکہ گھر گھر تلاشی کے دوران بغدادی، زکری محلہ، علی محمد محلہ اور جونا مسجد سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمدکیا گیاہے۔ ایس ایس پی ملیر راؤانوار کے مطابق سہراب گوٹھ سپر ہائی وے پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ 2 فرار ہوگئے۔

ہلاک ملزم کی شناخت شاہ کلام کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس ایس پی ملیر نے بتایا کہ لانڈھی لیبر اسکوائر کے قریب ایک اور پولیس مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ہونے والا ملزم دم توڑ گیا، جس کی شناخت صدیق کمانڈو کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور 2 دستی بم برآمد کرلئے گئے۔ ملزم پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی مختلف واردتوں میں مطلوب تھا۔

ادھراورنگی ٹاؤن میں نامعلوم موٹر سائیکل سوارافراد پیرآباد تھانے پر کریکر پھینک کر فرار ہوگئے۔جس کے نتیجے میں تھانے کے احاطے میں موجود دو پولیس اہلکار اشفاق اور فیصل کو معمولی زخم آئے ہیں۔ایک ہفتہ پہلے بھی اس پولیس اسٹیشن پر بوتل بم پھینکا گیا تھا، جو پھٹ نہیں سکا تھا۔ پولیس نے بنارس پل کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

ادھر ہفتے کی علی الصبح رینجرز اہلکاروں کی بھاری نفری نے جرائم پیشہ افراد اور مبینہ طور پر کالعدم تنظیموں سے وابستہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر الآصف اسکوائر میں سرچ آپریشن کیا، کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے اس آپریشن کے دوران علاقے کو مکمل طور پر سیل کرکے دکانوں ، بازار اور پر قسم کی ٹریفک کا داخلہ بند کردیا گیاتھا۔ گھر گھر تلاشی کے دوران رینجرز نے 300سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے 36اقسام کے ہتھیار برآمد کرلئے ہیں تاہم تفتیش پر 12 افراد کو گرفتار کرکے دیگر کو رہا کردیا گیا ہے۔

گرفتار افراد میں کالعدم تنظیموں کے کارندے بھی شامل ہیں۔رینجرزکے اس آپریشن میں 400سے زاید اہلکاروں نے حصہ لیا، جس میں خواتین اہلکار بھی شامل تھیں۔آپریشن کے دوران K-9یونٹ کی مددبھی حاصل تھی ۔واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے شہر میں جرائم پیشہ افراد اور شدت پسندوں کے خلاف پولیس اور رینجرز کے سرچ آپریشن میں تیزی آئی ہے ۔