مستقبل قریب میں کوئی بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ماہر یا گریجویٹ بے روزگار نہیں رہے گا،پرویزخٹک،سافٹ ویئر اور ہارڈویئر دونوں شعبوں کو ترقی دینے کے خواہشمند ہیں اب تک خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کے ساتھ آئی ٹی کی 70 مختلف کمپنیاں منسلک ہو گئی ہیں بہت جلد یہ تعداد100 سے تجاوزکر جائے گی،پشاورمیں تقریب سے خطاب

جمعہ 31 جنوری 2014 20:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31 جنوری ۔2014ء) خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں کوئی بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ماہر یا گریجویٹ بے روزگار نہیں رہے گا کیونکہ صوبائی حکومت نے اس سلسلے میں ٹھوس اقدامات کئے ہیں سافٹ ویئر اور ہارڈویئر دونوں شعبوں کو ترقی دینے کے خواہشمند ہیں اب تک خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کے ساتھ آئی ٹی کی 70 مختلف کمپنیاں منسلک ہو گئی ہیں جبکہ بہت جلد یہ تعداد100 سے تجاوزکر جائے گی موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کا مرکز بنانے کیلئے ایک جامع پروگرام کے تحت موثر اور نتیجہ خیز اقدامات شروع کر رکھے ہیں پشاور اورایبٹ آبادمیں قائم دو آئی ٹی پارکس کے قیام کے بعد نجی کمپنیوں کو پر کشش مراعات اور سہولیات کی فراہمی کے علاوہ دیگر ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ آئی ٹی کمپنیوں کوراغب کیا جا سکے اور آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دے کر یہاں سے بے روزگاری کا خاتمہ کیا جا سکے ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پشاور میں خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے زیر اہتمام منعقدہ " پشاور سوک ہیکا تھان" کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا مقصد صوبے میں آئی ٹی معاملات کو جلدی نمٹانا ہے تقریب سے وزیر آئی ٹی شہرام خان ترکئی، ایم ڈی آئی ٹی بورڈ صدیق الله، ڈائریکٹر مارکیٹنگ شہناز شہسوار، انجینئر نگ یونیورسٹی کے ڈین ڈاکٹر زاہد محمود اور دیگر حکام و ماہرین نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں اندرون و بیرون صوبہ سے آئے آئی ٹی ماہرین نے کثیر تعداد میں شرکت کی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف بہتر طرز حکمرانی اور حکومتی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنا کر ہر قسم کی کرپشن اور بد عنوانیوں کی موثر روک تھام کی جا سکتی ہے بلکہ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی و شہری خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے اور غربت کے خاتمے کو بھی ممکن بنایا جا سکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت سرکاری معاملات اور سماجی خدمات کی فراہمی کے عمل میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ کرنے پر نہ صرف خصوصی توجہ دے رہی ہے بلکہ اس سلسلے میں دورس اقدامات بھی شروع کر رکھے ہیں ہیکا تھان کے انعقاد کا مقصد بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے انتظامی و شہری مسائل کا حل تلاش کرنا ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان خصوصاً خیبرپختونخوا میں عوام کو سماجی اور شہری خدمات کی فراہمی کے معیار اور رفتار میں اتنی زیادہ بہتری نہیں آرہی جس کی دور جدید میں توقع کی جاتی ہے اس حوالے سے ہمیں لائحہ عمل اور موثر منصوبہ بندی کے فقدان کا بھی سامنا ہے جسے ہم انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کے ذریعے سے دور کر سکتے ہیں پرویز خٹک نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے نہ صرف ہم برین ڈرین کو روک سکتے ہیں بلکہ روزگار کے بہترین مواقع پیدا کرکے فی کس آمدنی میں بھی اضافہ بھی کر سکتے ہیں اسی طرح عام لوگوں کے معیار زندگی کو بھی بہتربنا سکتے ہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو مثبت تبدیلی کی کنجی قرار دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ آئی ٹی سے بھر پور استفادہ کئے بغیر آج کل کے دور میں ترقی کرنا اور ترقی یافتہ ممالک کا مقابلہ کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہے اُنہوں نے اعتراف کیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی آمد سے پوری دُنیا میں لوگوں کی طرز زندگی میں یکسر تبدیلیاں رونما ہو ئی ہیں اور ابلاغ کی جدید سہولیات کی وجہ سے دُنیا سمٹ کر ایک گاؤں کی شکل اختیار کر گئی ہے اسی لئے جدید دُنیا اور برق رفتار معیشت کے ساتھ چلنے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھر پور استفادہ کرنا نا گزیر ہے کیونکہ اب آئی ٹی کا استعمال بینکنگ، صنعت ، تجارت ، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں سے آگے بڑھ کر ہمارے گھر یلو اُمور تک پہنچا گیاہے پرویز خٹک نے کہا کہ معاشی نمو کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال ،تمام سرکاری محکموں کی کمپیو ٹرائزیشن اور شہریوں کو ای سروسز کی سہولیات کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے جس کیلئے حکومت نے خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی کو زیادہ مستحکم بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس سلسلے میں نجی اور سرکاری شعبوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں سیوک ہیکا تھان کے انعقاد پر خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ اور دیگر اشتراک کاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے اُمید کا اظہار کیا ہے کہ صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے آئندہ بھی اسی طرح کے پروگرام منعقدکئے جائیں گے اُنہوں نے اس سلسلے میں سخت محنت اور شب و روز کو ششیں کرنے پر صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام ترکئی اور اُس کی ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا ۔

متعلقہ عنوان :