ملیریا کنٹرول پروگرام اور ڈینگی کنٹرول پروگرام کی یکساں خدمات کو مربوط کرنے کا فیصلہ

جمعہ 31 جنوری 2014 15:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31جنوری 2014ء) سیکرٹری صحت پنجاب بابرحیات تارڑ نے ہدایت کی ہے کہ ملیریا کنٹرول پروگرام اور ڈینگی کنٹرول پروگرام کی ایک جیسی سرگرمیوں کو مربوط طریقہ سے سرانجام دینے کے لئے فوری طور پر سفارشات تیار کی جائیں تاکہ دونوں پروگراموں میں اورلیپنگ کو ختم کرکے انسانی وسائل اور فنڈز کا مزید بہتر انداز میں استعمال ممکن بنایا جاسکے۔

انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب کے کمیٹی روم میں ملیریا رول بیک پروگرام اور ڈینگی کنٹرول پروگرام کی خدمات کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر زاہد پرویز ، ایڈیشنل سیکرٹری صحت(ٹیکنیکل) ڈاکٹر انور جنجوعہ، ڈائریکٹر ہیلتھ (سی ڈی سی) ڈاکٹر احمد عفیفی، ڈائریکٹر ہیلتھ(ای پی آئی)ڈاکٹر منیر احمد، ڈائریکٹر (ای پی اینڈ سی) ڈاکٹر جعفر الیاس،ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ ،پروفیسر معاذ اور ماہروبائی امراض پروفیسر فرخندہ کوکب ، ایڈیشنل ڈائریکٹر ملیریا کنٹرول ڈاکٹر عبدالرزاق اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری صحت نے ہدایت کی کہ دونوں پروگراموں کو مزید موثر بنانے، افرادی قوت کا بہترین استعمال، ملیریا اور ڈینگی پروگراموں کے SOPs کو Integrateکرنے اور ایک جیسے کاموں کی Duplication کو ختم کرنے کے لئے ورکنگ پیپر تیار کیا جائے۔ سیکرٹری صحت نے ڈین آئی پی ایچ اور پروفیسر فرخندہ کوکب کو دونوں پروگراموں کے SOPsکو مربوط کرنے کے لئے فوری کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں پروگراموں میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے۔ سیکرٹری صحت نے ڈائریکٹر ای پی آئی کو ہدایت کی کہ وہ آبادی کے لحاظ سے یونین کونسل کی سطح تک ویکسینیٹرز کی مزید آسامیاں پیدا کرنے کے لئے جلد ہوم ورک مکمل کرکے رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کی کمزوریاں دور کرکے اسے مضبوط بنایا جارہا ہے تاکہ پولیو ملیریاسمیت بچوں کے دیگر امراض کو کنٹرول کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے ہر شعبہ سے وابستہ افسران اور اہلکاران اپنے اپنے شعبہ کی ذمہ داریاں زیادہ لگن ، محنت اور دیانتداری کے ساتھ سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ کاغذی کارروائی کے بجائے عملی اقدامات اور گراؤنڈ ورک پر توجہ دی جائے تاکہ صوبے سے ڈینگی، ملیریا ، پولیو اور دیگر بیماریوں کا خاتمہ کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :