تھرکول حکومت سندھ کا نہیں پورے پاکستان کا منصوبہ ہے،نواز شریف

جمعہ 31 جنوری 2014 14:33

تھرکول حکومت سندھ کا نہیں پورے پاکستان کا منصوبہ ہے،نواز شریف

تھرپارکر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31جنوری 2014ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ تھرکول حکومت سندھ کا نہیں یہ پورے پاکستان کا منصوبہ ہے،منصوبے سے علاقے میں خوشحالی آئے گی، منصوبے میں سندھ حکومت کی معاونت کریں گے،انصافی کو ختم کریں گے اور دیگرصوبوں کو اپنا حصہ ملے گا۔ سابق صدر زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیاسی قیادت سنجیدہ ہوچکی ہے، بڑے منصوبے کوئی ایک جماعت آگے نہیں بڑھاسکتی، سب کو کام کرنا ہوگا۔

تھر کول پاور پروجیکٹ کی افتتاح تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ قومی مسائل پرسیاست نہیں ہونی چاہئے، ملکر کوششیں کرتے رہے تو20سال کے کام 5 سال میں ہوں گے، جھمپیرکے علاقے میں ونڈ پاورکا منصوبہ 2017 میں پورا ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

تھرکول حکومت سندھ کا نہیں یہ حکومت پاکستان کا منصوبہ ہے، قومی مسائل پرسیاست نہیں ہونی چاہئے، ہرجماعت کا مختلف معاملات پرنکتہ نظرمختلف ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کتنی اچھی بات ہے کہ ہم سب ایک صف میں بیٹھے ہیں، ہوسکتا ہے کہ ہمارا مل کر بیٹھنا کسی کو اچھا نہ لگے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت ایک ہی پلیٹ فارم پرکھڑی ہے، ہمارا مل کر بیٹھنا ملک کے کونے کونے میں ایک مثبت پیغام ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مخالفت کرنے والے دیکھیں، ہم اکیسویں صدی میں پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گڈانی میں جتنے بھی منصوبے لگیں گے تھرکا کوئلہ استعمال ہوگا۔ اس سے قبل سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت سنجیدہ ہوچکی ہے، بڑے منصوبے کوئی ایک جماعت آگے نہیں بڑھاسکتی، سب کو کام کرنا ہوگا اور ایک دوسرے کی مدد کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ تھرمیں پیپلز پارٹی کامیاب ہوئی، تھرکے لوگ پیارکرنے والے ہیں، ان کا شکریہ ادا کرنا ہے۔