ذکا اشرف کی بحالی کیخلاف درخواست واپس، بحالی کا فیصلہ برقرار

جمعہ 31 جنوری 2014 12:21

ذکا اشرف کی بحالی کیخلاف درخواست واپس، بحالی کا فیصلہ برقرار

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31جنوری 2014ء) وزارت بین الصوبائی رابطہ نے چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کی بحالی کیخلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست واپس لے لی۔ ذکاء اشرف کی بحالی سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار۔ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کی بحالی کیخلاف درخواست پر سماعت جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔

جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے کہ اگر حکومت قانون کے مطابق کسی بھی عہدے دار کو ہٹانا چاہتی ہے تو ہٹا سکتی ہے۔ حکومت موجودہ قوانین میں ترامیم کا اختیار بھی استعمال کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے تحت وزارت کو اپنے اختیارات استعمال کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ ذکاء اشرف کے وکیل عفنان کریم کنڈی نے کہا کہ دیکھنا یہ ہے کہ وزارت اپنے اختیارات کا غلط استعمال تو نہیں کر رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوانین میں ترمیم کر کے پیٹرن کا رول ختم کر دیا گیا جبکہ آئی سی سی قوانین کے مطابق حکومت پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاملات میں مداخلت نہیں کر سکتی۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے کہا کہ ایس آر او جاری کیا گیا وہ نوٹیفائی ہی نہیں کیا گیا۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ میں سب ڈرے ہوئے ہیں کہ کہیں وزارت سے کسی عدالتی حکم کی خلاف ورزی نہ ہو جائے۔ عاصمہ جہانگیر نے عدالت کو بتایا کہ ذکاء اشرف کو رواں برس ریٹائر ہونا تھا۔ گزشتہ سال قوانین میں ترمیم کے ذریعے چیئرمین پی سی بی کی مدت ملازمت چار سال کر دی گئی۔عاصمہ جہانگیر نے ذکاء اشرف کی بحالی کیخلاف درخواست واپس لے لی جس کے بعد کیس نمٹا دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :