کراچی کے مختلف علاقوں میں 3دستی بم حملے، 2 افراد زخمی

جمعہ 31 جنوری 2014 11:58

کراچی کے مختلف علاقوں میں 3دستی بم حملے، 2 افراد زخمی

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31جنوری 2014ء) شفیق موڑ کے قریب دستی بم پھٹنے سے 2 افراد زخمی ہو گئے جبکہ سائٹ کے علاقے میٹروویل میں دستی بم حملے میں لیبر یونین کے سیکرٹری جنرل نور محمد محفوظ رہے۔ذرائع کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سہراب گوٹھ کی طرف جانے والے روڈ پر شفیق موڑ کے قریب ہائی روف میں دستی بم پھٹنے سے 2 افراد زخمی ہو گئے۔

زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، زخمی ہونے والے افراد کی شناخت محمد حسین اور عبدالستار کے ناموں سے ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی سنٹرل عامر فاروقی کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے دونوں افراد دستی بم حملے میں ملوث نہیں ہیں تاہم واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور مکمل تحقیقات کے بعد ہی کوئی حتمی بیان جاری کیا جا سکے گا۔

دوسری جانب سائٹ کے علاقے میٹروویل میں لیبر یونین کے جنرل سیکرٹری نور محمد کی گاڑی پر دستی بم سے حملہ کیا گیا تاہم وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ سائٹ پولیس کا کہنا ہے کہ نور محمد کو چند روز قبل 50 لاکھ روپے بھتے کی پرچی موصول ہوئی تھی۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے پیر آباد کے قبرستان میں بھی ایک دھماکہ ہوا جس میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔

متعلقہ عنوان :