وزیر اعظم کا بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کیلئے سیاسی قیادت کی مشاورت سے صوبائی سطح پر ایک بااختیار کمیٹی بنانے کااعلان ، کمیٹی مفاہمت کا عمل شروع کریگی پولیس اور ایف سی کو مزید فعال بنائینگے ،استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جائیگا ،اجلاس سے خطاب

جمعرات 30 جنوری 2014 21:24

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 جنوری ۔2014ء) وزیر اعظم نواز شریف نے بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لئے سیاسی قیادت کی مشاورت سے صوبائی سطح پر ایک بااختیار کمیٹی بنانے کااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیٹی مفاہمت کا عمل شروع کریگی پولیس اور ایف سی کو مزید فعال بنائینگے ،استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جائیگا ۔ وہ کوئٹہ میں امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے وزیراعظم نے کہا کہ جس طرح مرکز میں مذاکرات کیلئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے اس نوعیت کی ایک کمیٹی بلوچستان میں بھی قائم کی جائے جس میں تمام سیاسی قیادت کی مشاورت حاصل ہو انہوں نے کہا کہ حکومت مفاہمت کا عمل شروع کرنے کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں بے روزگاری کے خاتمے اور وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے سنجیدہ ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ پولیس اور ایف سی کو مزید فعال بناتے ہوئے ان کی استعداد کار میں بھی اضافہ کیا جائے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان بابریعقوب فتح محمد نے وزیراعظم کو صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی جس میں بتایاگیا کہ زائرین کی حفاظت کے مدنظر خصوصی پروازیں چلائی جارہی ہیں جن کے ذریعے انہیں کوئٹہ لایاجارہا ہے۔ اجلاس میں بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ گورنرمحمدخان اچکزئی کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ناصرخان جنجوعہ ، آئی جی ایف سی میجر جنرل اعجاز شاہد آئی جی پولیس مشتاق سکھیرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :