ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے قوم ساتھ ہے ،دہشت گردی کو ہر صورت ختم کرینگے ،وزیراعظم نواز شریف ،زائرین کی بسوں پر حملوں کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا زائرین کی حفاظت کیلئے فضائی اوربحری سفرکی سہولیات فراہم کرنے کے اقدام کئے جارہے ہیں ،امن وامان ، زراعت اور توانائی کے مسائل کے خاتمے میں وقت لگے گا ، صوبائی حکومت کو مکمل وسائل اور تعاون کرینگے ، پاک چائنا کوری ڈور سے بلوچستان کی شکل بدل جائیگی ،کوئٹہ میں منتخب نمائندوں سے خطاب

جمعرات 30 جنوری 2014 21:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 جنوری ۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے قوم ساتھ ہے ،دہشت گردی کو ہر صورت ختم کرینگے ،زائرین کی بسوں پر حملوں کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا زائرین کی حفاظت کیلئے فضائی اوربحری سفرکی سہولیات فراہم کرنے کے اقدام کئے جارہے ہیں ،امن وامان ، زراعت اور توانائی کے مسائل کے خاتمے میں وقت لگے گا ، صوبائی حکومت کو مکمل وسائل اور تعاون کرینگے ، پاک چائنا کوری ڈور سے بلوچستان کی شکل بدل جائیگی ۔

جمعرات کو کوئٹہ میں منتخب نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زائرین کی بسوں پر حملوں کا دکھ ہے ان حملوں کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زائرین کی حفاظت کے لئے فضائی اوربحری سفرکی سہولیات فراہم کرنے کے اقدام کئے جارہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان میں امن وامان، زراعت اور توانائی کے مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں، ان مسائل کو ختم کرنے میں وقت لگے گا تاہم انہیں کم کرنے کیلئے صوبائی حکومت کو وسائل فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئٹہ چمن روڈ، پنجگور اور خضدار رتو ڈیرو روڈ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور ایک سال کے اندر اس منصوبے کو پایا تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاک چائنا کوری ڈور سے ملک کو بہت فائدہ ہوگا جب کہ اس کا90 فیصد فائدہ بلوچستان کو پہنچے گا، اتنے بڑے منصوبے سے بلوچستان کی شکل بدل جائے گی اور یہاں روزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے کاروباری قرضے آبادی کی بنیاد پر دئیے جائیں گے اور ایک صوبے کاحق دوسرے کو نہیں دیا جائے گا۔نواز شریف نے کہا حکومت زراعت ، توانائی اور امن وامان کے مسائل حل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں آٹھ ارب روپے مالیت کے مواصلات کے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں۔ کاشغرگوادر راہداری کا صوبے کو نوے فیصد فائدہ ہو گا جس سے روزگار کے موقع پیدا ہوں گے اور بلوچستان کے عوام کا احساس محرومی دور ہو گا۔