مہران ہائی وے کی تعمیر سے کراچی کے صنعتی زونز اور ملحقہ علاقوں کو فائدہ ہوگا ،وزیر اعلیٰ سندھ ،بندرگاہ کے راستے ہونے والی تجارت کے لئے بھی یہ شاہراہ نہایت اہمیت کی حامل ہوگی،سید قائم علی شاہ کا افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 30 جنوری 2014 19:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 جنوری ۔2014ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ مہران ہائی وے کی تعمیر سے کراچی کے صنعتی زونز اور ملحقہ علاقوں کو فائدہ ہوگا جبکہ بندرگاہ کے راستے ہونے والی تجارت کے لئے بھی یہ شاہراہ نہایت اہمیت کی حامل ہوگی ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی سہ پہر مہران ہائی وے فیز I اور فیزII کا افتتاح کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر رؤف اختر فاروقی، جاپانی سفارتخانے کے منسٹرو ڈپٹی چیف مشن Mr. Takashi Katae،میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی ، ڈائریکٹرجنرل ٹیکنیکل سروسز نیاز احمد سومرو اور دیگر افسران بھی موجود تھے، وزیر اعلیٰ سندھ نے اس موقع پر مہران ہائی وے کی تختی کی نقاب کشائی کے بعد بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے اس منصوبے کی تکمیل میں تعاون فراہم کرنے پر جاپانی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستی کا مضبوط رشتہ قائم ہے ناصر ف کراچی بلکہ دیگر شہروں میں بھی جاپان کے تعاون سے کئی ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے اور کئی منصوبوں پر کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ مہران ہائی وے کے علاوہ کراچی میں سرکولرریلوے منصوبے پر بھی جاپان کے تعاون سے کام ہو رہا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ یہ منصوبہ بھی جلد از جلد مکمل ہو انہوں نے کہا کہ تین ہزار ایکڑ سے زائد زمین بھی مختص کی گئی ہے جہاں جاپان کے تعاون سے ہیوی انڈسٹری لگائی جائے گی انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ہمیں ترقیاتی منصوبوں میں جاپان کا تعاون حاصل رہے گا اور پاکستان اور جاپان کی دوستی ہمیشہ برقرار رہے گی ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے کہا کہ مہران ہائی وے جاپانی حکومت کے تعاون سے ملنے والا تحفہ ہے جس کی فنڈنگ جائیکا نے کی ہے اور 9 کلو میٹر طویل ہائی وے کی تعمیر پر 573.29 ملین روپے لاگت آئی ہے یہ ہائی وے کراچی کے صنعتی زونز کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی ، مہران ہائی وے جاپان اور پاکستان کے درمیان دوستی کے مضبوط رشتے کا ایک اور ثبوت ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی ہمیں اپنے ترقیاتی منصوبوں میں جاپانی حکومت اور جاپانی اداروں کا تکنیکی اور فنی تعاون حاصل رہے گا انہوں نے کہا کہ کراچی کا شمار دنیا کے بڑے شہرو ں میں ہوتا ہے تیزی سے پھیلتے ہوئے اس شہر کی آبادی 2 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے ملکی معیشت میں اس شہر کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے ، کراچی کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر یہاں ٹرانسپورٹیشن کا مسئلہ اہمیت اختیار کرگیا ہے لہٰذا سڑکوں اور شاہراہوں پر ٹریفک کے دباؤ سے نمٹنے کے لئے کراچی میں نئی سڑکوں کی تعمیر اور موجودہ سڑکوں کو کشادہ کرنے کے منصوبے پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، مہران ہائی وے کراچی کے بڑھتے ہوئے روڈ نیٹ ورک میں تازہ اضافہ ہے اور یہ پاک جاپان دوستی کی مضبوط علامت ہے انہوں نے کہا کہ مہران ہائی وے کے فیز II کا کام گزشتہ سال فروری میں شروع ہوا تھا اور ایک سال میں اسے مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ فیز I کا کام پہلے ہی مکمل ہوچکا تھا یہ تمام علاقہ انڈسٹریل زون ہے اور قبل ازیں یہاں بھینسوں کے باڑے اور دیگر تجاوزات قائم تھیں جنہیں ختم کرنے کے بعد اس ہائی وے کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا اب ہمیں اس ہائی وے کی مینٹی نینس بھی کرنی ہے تاکہ اسے بہترین حالت میں رکھا جاسکے ۔

(جاری ہے)

تین لین کی یہ ہائی وے اسپتال چورنگی سے مین پورٹ قاسم روڈ تک 8.20 کلو میٹر رقبے پر پھیلی ہوئی ہے جن کی فنڈنگ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کی طرف سے ہوئی ہے جس کے لئے ہم ان کے مشکور ہیں ، انہوں نے بتایا کہ مہران ہائی وے دو ٹریکس پر مبنی ہے اور ہر ٹریک 36 فٹ چوڑا ہے یہ سڑک نیشنل ہائی وے کا بہترین متبادل ثابت ہوگی اور اس سے لانڈھی انڈسٹریل زون ، ایکسپورٹ پروسسنگ زون ، پورٹ قاسم اور راستے میں موجود مختلف ملٹی نیشنل صنعتی یونٹوں کو فائدہ پہنچے گا اس منصوبے کی ایک اہم خاصیت 3.3 کلو میٹر طویل آر سی سی اسٹورم ڈرینج سسٹم کی تنصیب ہے جبکہ ہائی وے کے ساتھ ساتھ بجلی کے پولز پر ایل ای ڈی لائٹس لگائی گئی ہیں،برساتی پانی کی نکاسی کیلئے آرسی سی ڈرین اور سکھن نالے پر پل کی توسیع کاکام بھی انجام دیا گیا ہے، یہ پل تین تین لین پر مشتمل ہے جس کی ہر لین 3.5 میٹر چوڑی ہے اور یہ برج مہران ہائی وے کو پورٹ قاسم حدود سے ملاتا ہے۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ ہائی وے کراچی کی اقتصادی ترقی میں طویل عرصے تک اپنا کردار ادا کرتی رہے گی اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے لئے ٹرانسپورٹیشن میں وسیع مدد فراہم کرے گی جبکہ یہ کراچی کے مختلف ٹاؤنز کو بھی آپس میں بہترین لنک مہیا کرے گی آخر میں انہوں نے اس پروجیکٹ کی تکمیل میں تعاون پر حکومت سندھ کو مبارکباد پیش کی ،جاپانی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف مشن نے کہاکہ پاکستان اور جاپان کی دوستی بہت پرانی ہے اور آئندہ بھی جاپانی حکومت کراچی کے ترقیاتی منصوبوں میں تکنیکی اور مالی معاونت کرتی رہے گی انہوں نے مہران ہائی وے کی تکمیل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے کراچی میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے کہا کہ کراچی میں ترقیاتی عمل جاری ہے اور ہرممکن کوشش کی جارہی ہے کہ زیر تعمیر منصوبوں تیزی سے کام کرکے جلد از جلد مکمل کیا جائے، اس موقع پر منصوبے کی تکمیل کے بعد مہران ہائی وے کی بلدیہ عظمیٰ کراچی کو منتقلی کی دستاویز پر بھی دستخط کئے گئے۔