پاکستان اور جنوبی کوریا کا تجارتی و اقتصادی شعبوں میں مزید فروغ دینے اور بین الپارلیمانی روابط کو بڑھانے پراتفاق ، پاکستان جنوبی کوریا کیساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،نیئر حسین بخاری ،خواہش ہے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے ، جنوبی کوریاکے وفد سے گفتگو

جمعرات 30 جنوری 2014 19:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 جنوری ۔2014ء) چیئر مین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی کوریا کیساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ مختلف شعبہ ہائے زندگی میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے تاکہ باہمی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کیا جا سکے ۔ان خیالات کا اظہا ر چیئر مین سینیٹ نے پارلیمنٹ ہاوٴس میں جنوبی کوریاء کی نیشنل اسمبلی کے سپیکر کانگ چنگ حی کی سربراہی میں 19رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماوٴں میں اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ دوطرفہ تعاون کو خصوصاً تجارتی و اقتصادی شعبوں میں مزید فروغ دینے اور بین الپارلیمانی روابط کو بڑھانے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ موجودہ تجارتی حجم نچلی سطح پرہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم جنوبی کوریا کی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں ۔

انہوں نے عوامی سطح پر رابطوں اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں کو دونوں ملکوں کیلئے انتہائی مفید قرار دیا اور کہا کہ وفود کے تبادلوں میں تیزی لائی جائے تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے بھر پور فائدہ اٹھایا جائے ۔چیئر مین سینیٹ نے اس موقع پر خواہش ظاہر کی کہ جنوبی کوریاء پاکستان کیلئے ہنر افرادی قوت کے کوٹے میں اضافہ کرے تاکہ تاکہ زیادہ سے زیادہ تربیت یافتہ لوگ کوریا بھجوائے جا سکیں اور اس اقدام سے دونوں ممالک سماجی و اقتصادی میدان میں بھر پور فائدہ اٹھا سکیں گے۔

جنوبی کوریاء کے وفد کے رہنماء نے چیئر مین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کیا اور کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دونوں ملکوں کے مابین تعلقات مضبوط ہو رہے ہیں تاہم تجارتی حجم کو بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کی بلند ترین پہاڑی چوٹیاں موجود ہیں جو سیاحوں کو اپنے طرف کھینچ سکتی ہیں وفد کے رہنماء نے یقین دلایا کہ وہ مختلف سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے کوریاء کی تاجر برادری اور کاروباری حلقوں سے بات کریں گے تاکہ مشترکہ مفاد کی خاطر سیاحت و تجارت کو فروغ دیا جا سکے ۔

انہوں نے چیئر مین سینیٹ کو ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی ۔ملاقات کے دوران سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق، سینیٹر ڈاکڑ سعیدہ اقبال ، سینیٹر افراسیاب خٹک ، سینیٹر برائے مہمان داری عثمان سیف اللہ خان اور سینیٹر انجنئیر رشید ملک نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر زور دیا ۔سیکریٹری سینیٹ امجد پرویز ملک اور جنوبی کوریا کے سفیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔بعد ازاں سینیٹ میں قائد ایوان راجہ محمد ظفر الحق نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں چیئر مین سینیٹ سید نئیر حسین بخاری کے علاوہ بڑی تعداد میں سینیٹرز اور اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :