حالات کے بہتری کیلئے ایک مشترکہ لائحہ عمل بنایاجائے ،وزیر اعظم کی بلوچستان کی عسکری وسیاسی قیادت کو ہدایت ، عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ، امن وامان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ، وزیراعظم

جمعرات 30 جنوری 2014 19:24

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 جنوری ۔2014ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے بلوچستان میں قیام امن کیلئے سیکورٹی فورسز کے کردار کو سراہتے ہوئے عسکری اور سیاسی قیادت پر زوردیا ہے کہ وہ حالات کے بہتری کیلئے ایک مشترکہ لائحہ عمل بنائیں تاکہ لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ان خیالا ت کااظہار انہوں نے جمعرات کو کور ہیڈ کوارٹر کے دورے کے موقع پرکیا ۔

اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف، وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ، گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی، جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ اورمیرحاصل خان بزنجو بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کور کمانڈر سدرن کمانڈ ناصر خان جنجوعہ نے وزیراعظم کو بلوچستان کی سیکورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی اس موقع پر وزیراعظم نے صوبائی حکومت اور سیاسی قیادت سے بلوچستان کے حالات پر تبادلہ خیال کیا اور ہدایت کی کہ عسکری اور سیاسی قیادت ملکر بلوچستان میں امن کی بہتری کیلئے مشترکہ لائحہ عمل بنائیں تاکہ عوام کی جان ومال کی حفا ظت کو یقینی بنایا جائے وزیر اعظم محمد نوار شریف نے کہاکہ عوام کے جان ومال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے ، امن وامان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔

متعلقہ عنوان :