واٹر سپلائی مینجمنٹ کو بہتر بنا کر عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکتی ہے “ شہباز شریف،صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر 10ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں،پانی بڑی نعمت ہے ،ضیاع کو روکنے کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے ‘ وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 30 جنوری 2014 19:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 جنوری ۔2014ء) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں لاہور سمیت صوبے میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔صوبائی وزیر ہاوٴسنگ تنویر اسلم ملک ،وائس چےئرمین ایل ڈی اے خواجہ احمد حسان،چیف سیکرٹری، چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،سیکرٹری خزانہ ،سیکرٹری ہاوٴسنگ،کمشنر لاہور ڈویژن،ڈی سی او لاہور اور ڈی جی ایل ڈی اے نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے پررواں سال 10ارب روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ واٹر سپلائی مینجمنٹ کو بہتر بنا کر عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جاسکتا ہے ۔

(جاری ہے)

پانی کی فراہمی سے وابستہ ادارے عوام کو بہترین سروسزفراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور سمیت صوبے بھرمیں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔پانی ایک نعمت ہے اس کے ضیاع کو روکنے کے لیے عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔پانی جیسی نعمت کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے متعلقہ ادارے بھی اپنا مو ثر کردارادا کریں۔کمشنر لاہورڈویژن نے واٹر سپلائی مینجمنٹ کو بہتر بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی۔