کراچی ، دہشتگرد سڑک کنارے دھماکے کرسکتے ہیں ، خفیہ اداروں نے شہر کے 22 علاقے حساس ترین قرار دیدیا

جمعرات 30 جنوری 2014 12:59

کراچی ، دہشتگرد سڑک کنارے دھماکے کرسکتے ہیں ، خفیہ اداروں نے شہر کے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30جنوری 2014ء) کراچی میں خفیہ اداروں نے 22علاقوں کو حساس جبکہ7 علاقوں کو انتہائی حساس قرار دے دیاہے، رپورٹ کے مطابق دہشت گرد سڑک کنارے دھماکے کرسکتے ہیں۔کراچی میں رواں ماہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو مسلسل نشانہ بنائے جانے کے بعد خفیہ اداروں نے اپنی رپورٹ تیار کی ہے جس میں ان اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق دہشت گرد کراچی کے 22علاقوں میں کارروائیوں کا ارادہ رکھتے ہیں اس سلسلے میں اورنگی ٹاؤن، پیر آباد، کٹی پہاڑی، لانڈھی، سچل ، لسبیلہ ، شاہ لطیف ٹاؤن ، شارع نور جہاں ، قیوم آباد، جمشید کوارٹر، قائد آباد، سائٹ، سہراب گوٹھ ، منگھوپیر، قصبہ کالونی ، بنارس اور دیگر علاقوں میں روڈ سائڈ بمبنگ کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دہشت گرد گشت کرنے والے اہلکاروں کی گاڑیوں اور چوکیوں کو نشانہ بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

پولیس اور رینجرز پر تازہ حملوں کے بعد اعلی افسران نے اہلکاروں کو اپنے روٹ تبدیل کرنے کی ہدایت کی ہے جب کہ مستقل بنیادوں پر قائم پولیس کی پکٹیں بھی ختم کی جارہی ہیں ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکار احتیاطی طور پر ڈیوٹی کے علاوہ دوران سفر یونیفارم استعمال نہ کریں اور اپنی نقل وحرکت کو خفیہ رکھیں۔

متعلقہ عنوان :