عمران فاروق قتل کیس، ایم کیو ایم کے بینک اکائونٹس بند،مزید دو افراد کی تلاش

جمعرات 30 جنوری 2014 11:44

عمران فاروق قتل کیس، ایم کیو ایم کے بینک اکائونٹس بند،مزید دو افراد ..

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30جنوری 2014ء) ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی پولیس نے دو افراد کی تلاش میں پاکستانی حکام سے مدد طلب کر لی ہے جبکہ لندن میں میٹرو پولیٹن پولیس نے ایم کیو ایم کے کئی بینک اکاونٹس بند کرتے ہوئے ٹیکس نہ دینے کے الزامات کے تحت تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ برطانوی کراؤن پراسیکوشن سروس نے باضابطہ طور پر پاکستانی حکام سے ان دو افراد کی تلاش کے لئے کہا ہے جو مبینہ طور پر ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل میں مطلوب ہیں۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے محسن علی سید اور محمد کاشف خان پر عمران فاروق قتل میں ملوث ہونے کا شبہ ہے جو مبینہ طور پر قتل کی واردات کے فوراً بعد اسی شام ہیتھرو ایئرپورٹ سے سری لنکا چلے گئے تھے اور اطلاعات کے مطابق انھیں سری لنکا سے کراچی پہنچنے پر ہوائی اڈے کے رن وے پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

دونوں مطلوب اشخاص لندن میں تعلیم کی غرض سے رہائش پذیر تھے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے پروگرام نیوز نائٹ کو حاصل دستاویزات کے مطابق ان دونوں مطلوبہ افراد کے ویزا فارموں کی توثیق کراچی کے ایک بزنس مین معظم علی خان نے کی تھی جو 2010 سے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بھتیجے افتخار حسین سے مسلسل رابطے میں تھا۔افتخار حسین کو گذشتہ برس کینیڈا سے لندن پہنچنے پر پولیس نے ہیتھرو کے ہوائی اڈے پر گرفتار کر لیا تھا بعد ازاں ان سے تفتیش کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔دوسری طرف لندن میٹروپولیٹن پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ کے کئی بینک اکاؤنٹ بند کر دیئے اور ٹیکس نہ دینے کے الزامات کے تحت تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔