پاکستان میں امریکی ڈرون حملے ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں،اقوام متحدہ ، پاکستانی حکومت واضح کرچکی ہے کہ ڈرون حملے اس کی رضا مندی سے نہیں ہورہے ،بین ایمرسن

بدھ 29 جنوری 2014 22:54

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29 جنوری ۔2014ء) اقوام متحدہ نے بھی پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں کو ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی قراردیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستانی حکومت ان کے سامنے واضح کرچکی ہے کہ ڈرون حملے اس کی رضا مندی سے نہیں ہورہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انسانی حقوق اور انسداد دہشت گردی کے لئے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے بین ایمرسن کی قیادت میں ٹیم نے ڈرون حملوں میں ہلاکتوں سے متعلق تحقیقات کیں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کی ٹیم کا کہنا تھا کہ امریکہ کے ڈرون حملے پاکستان کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ بین ایمرسن نے کہا کہ پاکستانی حکومت ان کے سامنے واضح کرچکی ہے کہ ڈرون حملے اس کی رضا مندی سے نہیں ہورہے ہیں ٹیم کی معاونت کرنے والے ایک پاکستانی تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے تفتیشی ماہرین کو ایسے 25 کیسیز کی رپورٹ دی ہے کہ جن میں عام لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔