شہید رینجرز اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں ،پولیس اور رینجرز کی قربانیوں سے لوگوں کا اعتماد بحال ہوا ہے ،سید قائم علی شاہ

بدھ 29 جنوری 2014 16:09

شہید رینجرز اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں ،پولیس اور رینجرز کی قربانیوں ..

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2014ء) وزیراعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے بدھ کو رینجرز ہیڈ کوارٹرزاورگاڑیوں پر دہشتگرد حملوں کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس مجرمانہ عمل کو فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف گھناوٴنی سازش قرار دیا ہے، جس کا مقصد شہریوں میں بے چینی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے رینجرز کے شہید اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی اور سندھ پولیس کی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ آج لوگوں کا اعتماد بحال ہوا ہے اورپوری قوم کی ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے ظلم و بربریت کی خلاف قوم اور فورسز ایک پیج پرمتحد ہیں اور ان کے حوصلے چٹان کی طرح مضبوط و بلند ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ دراصل رینجرز اور سندھ پولیس نے دہشتگردوں کا گھیراتنگ کیا ہوا ہے اور وہ اب بھاگنے پر مجبور ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ ردعمل کے طور پر پولیس اور رینجرز پر چھپ کر بزدلانہ حملے کرکے راستہ نکال رہے ہیں، لیکن انہیں بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ عنقریب پولیس اور رینجرز کوبارودی مواد،بارود اور خطرے کی نشاندہی کرنے والے جدید آلات سے مضبوط کیا جائے ا، جس کیلئے غیر ملکی سیکیورٹی اداروں سے رابطے جاری ہیں۔وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ کراچی میں امن امان کے قیام میں سندھ پولیس کے ساتھ رینجرز کے کردار اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ رینجرز سندھ کے لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے سندھ پولیس کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے اور جوانوں کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کرتی، جس پر رینجرز کو سلام پیش کرتے ہیں،سندھ حکومت ان کی حوصلہ افزائی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔