پاکستان ، جنوبی افریقہ ، سری لنکا اور بنگلہ دیش بورڈ کی جرات مندی ، تین بڑوں نے ووٹ کا خیال دل سے نکال دیا ، برطانوی میڈیا

بدھ 29 جنوری 2014 14:03

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2014ء) برطانوی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ جنوبی افریقہ ، پاکستان ، سری لنکا اور بنگلہ دیش بورڈ ز کی جرات مندی کے بعد تین بڑوں نے ہوا کا رکھ دیکھ کر ووٹ کا خیا ل دل سے نکال دیا برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ، پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈز کی جرات مندی کے سبب اجلاس چھ گھنٹے کی طویل بحث پر ختم ہوا لیکن تین بڑوں نے ہوا کا رخ دیکھ کر ووٹنگ کا خیال دل سے نکال دیا۔

آئی سی سی کے اس اجلاس کے پہلے روز ماحول کئی بار گرم ہوا جس پرتین بڑوں کے ماتھے پر بل بھی آئے اور انہوں نے برا بھی منایا۔اجلاس میں ایک موقع پر کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین والی ایڈورڈز نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے بارے میں نامناسب انداز بھی اختیار کیا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے احتجاج پر انہیں معافی مانگنی پڑی۔

(جاری ہے)

چھوٹے ممالک نے پہلے روز کے اجلاس کے اختتام پر جاری کردہ پریس ریلیز پر بھی تحفظات ظاہر کردئیے جس کی ایک جھلک پاکستان کرکٹ بورڈ اور جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے اپنے جوابی پریس ریلیز کے ذریعے دکھا دی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ بات واضح کردی ہے کہ آئی سی سی کے اجلاس میں تین بڑوں کے مجوزہ پوزیشن پیپر پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے بلکہ اجلاس میں پیش کردہ رہنما اصولوں پر پاکستان کرکٹ بورڈ پہلے اپنے گورننگ بورڈ سے ان کی منظوری لے گا جس کے بعد وہ آئی سی سی کے اگلے اجلاس میں اپنی پوزیشن کے ساتھ پیش ہوگا۔جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے بھی یہی کہا ہے کہ آئی سی سی کے اجلاس میں جو بھی باتیں کی گئی ہیں وہ تمام کرکٹ بورڈز کی منظوری سے مشروط ہیں اور اس ضمن میں آئی سی سی کے آٹھ فروری کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کیاجائیگا۔

اجلاس کے دوران کرکٹ آسٹریلیا اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دیگر ممالک کو باور کرانے کی کوشش کی کہ اگر یہ تجاویز نہ مانی گئیں تو بھارت آئی سی سی سے باہر نکل جائیگا جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ موقف اختیار کیا کہ پیسہ اہم یا کرکٹ؟یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بی سی سی آئی کے صدر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی اس بات پر ناراض ہوگئے جب پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کی پاکستان کے ساتھ آٹھ سال میں چار بار کھیلنے کی پیشکش پر کہا کہ اس کی کیا گارنٹی ہے؟