حکومت ملک میں امن وامان کے قیام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کا م کررہی ہے ، حنا پرویز بٹ

بدھ 29 جنوری 2014 13:31

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2014ء )پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رہنماء و ممبر صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے انسداد دہشتگردی فورس کا قیام خوش آئند ہے ، حکومت ملک میں امن وامان کے قیام کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کا م کررہی ہے جس کے نتیجہ میں بہت جلد صورتحال کی مثبت تبدیلی ممکن ہوجائے گی‘پنجاب میں انسداد دہشت گردی فورس کا قیام دیگر صوبوں کے لئے بھی مشعل راہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت ملک کو معاشی طور پر مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے جو اقدامات کر رہی ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ وزیرا عظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف ملک کو ترقی کی راہ پر لانے اور عوامی مسائل کے فوری خاتمہ کے لئے ہر ممکنہ اقدامات کوفروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی جبکہ لیگی قیادت ملک وقوم کی خدمت کرکے حقیقی معنوں میں حکمرانی کا حق اداکررہی ہے جبکہ عوام کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ قوم کی خوشحالی اور ملک کی ترقی ہی مسلم لیگ ن کی قیادت کا مشن ہے۔