حکومت طالبان سے مذاکرات ‘ آپریشن کا فیصلہ کرنے سے قبل تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے گی ، شیخ آفتاب احمد ،طالبان کی حالیہ مذاکراتی پیشکش نیک نیتی پر مبنی ہے تو حکومت ضرور غور کریگی ، پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 28 جنوری 2014 22:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 جنوری ۔2014ء) وزیر مملکت برائے پارلیمان امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ حکومت طالبان سے مذاکرات ‘ آپریشن کا فیصلہ کرنے سے قبل تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے گی ،طالبان کی حالیہ مذاکراتی پیشکش نیک نیتی پر مبنی ہے تو حکومت ضرور غور کریگی۔

(جاری ہے)

منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ آفتاب احمد نے کہاکہ وزیراعظم محمد نواز شریف قومی مسائل کے حل کیلئے انتہائی سنجیدہ ہیں اور اپنی مصروفیات کی وجہ سے وہ ایوان کے اجلاس میں شرکت نہیں کرپارہے تاہم پارلیمنٹ ان کا اصل گھر ہے وہ جلد ایوان کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ طالبان اور دہشت گردی کا مسئلہ دیرینہ ہے حکومت کو فوجی اور عام آدمی کے خون کا احساس ہے اس لئے کوئی بھی فیصلہ جلد بازی میں کرنے کی بجائے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر سوچ بچار کے ساتھ ٹھوس حکمت عملی طرے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی موذی مرض ہے جس کا علاج ڈسپرین کی گولی سے ممکن نہیں ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ طالبان کی حالیہ مذاکراتی پیشکش اگر نیک نیتی پر مبنی ہے تو حکومت اس پر ضرور غور کرے گی۔

متعلقہ عنوان :