دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پالیسی مراحل میں ہے، وزیراعظم پالیسی جلد پارلیمنٹ میں پیش کریں گے ، سینیٹر مشاہد اللہ ، حکومت کی مسلسل مثبت کوششوں سے بلوچستان کراچی میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے ،صحافیوں سے گفتگو

منگل 28 جنوری 2014 22:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 جنوری ۔2014ء) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے پالیسی مراحل میں ہے، وزیراعظم پالیسی جلد پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔ وہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگوکررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملک کو درپیش مسائل، دہشت گردی، توانائی، معیشت سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے میں مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں سے مذاکرات یا ان کے خلاف آپریشن کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں میں یکساں موقف نہیں ہے جس ے باعث دو ٹوک موقف اختیارکرتے ہوئے مسئلہ کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے مسئلہ سے نمٹنے کیلئے حکومتی پالیسی مراحل میں ہے جلد وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد ایوان میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مسلسل مثبت کوششوں سے بلوچستان کراچی میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے جبکہ امن وامن سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں عوام نمایاں تبدیلی محسوس کررہے ہیں۔