غداری کیس ،مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر عسکری ادارہ امراض قلب کے سربراہ کو طلب کرنے کی درخواست دائر کرگئی ،میڈیکل بورڈ کی رپورٹ انتہائی غیر پیشہ وارانہ ہے ، اکرم شیخ کا درخواست میں موقف ، عدالت نے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ پر انحصار کرنا ہے تو جرح کی اجازت دی جائے ، خصوصی عدالت سے استدعا ،غداری کیس کی سماعت (کل) سے جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ دوبارہ شروع کریگا

منگل 28 جنوری 2014 21:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 جنوری ۔2014ء) غداری کیس میں پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے سابق صدر پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر عسکری ادارہ امراض قلب کے سربراہ کو طلب کرنے کی درخواست خصوصی عدالت میں دائر کر تے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ میڈیکل بورڈ کی رپورٹ انتہائی غیر پیشہ وارانہ ہے۔منگل کو سپیشل پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے سابق صدر پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر اے ایف آئی سی کے سربراہ کو طلب کرنے کی درخواست خصوصی عدالت کے رجسٹرار کے پاس جمع کرائی۔

(جاری ہے)

اکرم شیخ نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ اے ایف آئی سی کے سربراہ میجر جنرل سید محمد عمران مجید کو طلب کیا جائے تا کہ جرح کی جا سکے۔ اکرم شیخ نے کہاکہ اگر عدالت نے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ پر انحصار کرنا ہے تو جرح کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے درخواست میں لکھا ہے کہ میڈیکل بورڈ نے عدالت سے پوچھے گئے تین بنیادی سوالات کا جواب ہی نہیں دیا۔ یہ رپورٹ ملکی و بین الاقوامی میڈیکل پریکٹس سے متصادم ہیں۔ اس رپورٹ کی تیاری میں پیشہ وارانہ مہارت شامل نہیں اور اس عمل سے اے ایف آئی سی کی شہرت بھی متاثر ہوئی ہے۔ سابق صدر کے خلاف غداری کیس کی سماعت (کل) بدھ سے جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ دوبارہ شروع کرے گا۔

متعلقہ عنوان :