وزیر اعظم نواز شریف کو پارلیمان کو بھی وقت دینا چاہیے ، قمر زمان کائرہ

منگل 28 جنوری 2014 16:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کو پارلیمان کو بھی وقت دینا چاہیے ، وزیر اعظم کے ایوان میں آنے سے اراکین اسمبلی کی حاضری بھی لازمی ہو جائیگی ،کچھ معاملات حساس ہوتے ہیں ،اپوزیشن کو بھی ہر معاملے کو ایوان میں زیر بحث لانے کے لئے زور نہیں دینا چاہیے ۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ پارلیمان وہ فورم ہے جہاں سے وزیراعظم کو اختیار ملتاہے تاہم یہ کہنا کہ جب وزیراعظم دوسرے مسائل کے بنا پارلیمنٹ نہیں آپاتے تو اس میں کوئی مضائقہ نہیں ہے اگر کچھ حساس معاملات ہیں تو ان پر وزیر اعظم کو چاہیے کہ وہ ایوان میں آکر قوم کو اعتماد میں لیں۔ انہیں چاہیے کہ وہ ایوان میں آکر بیٹھیں تاکہ اس سے ایوان کی بھی عزت افزائی ہو اور وزیر اعظم کا بھی وقار بلند ہو۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کو پارلیمان کو بھی وقت دینا چاہیے کیونکہ یہ انکی مصروفیات میں سے ایک انتہائی اہم مصروفیت ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب وزیراعظم خود ایوان میں آئیں گے تو اس کے بعد تمام اراکین اسمبلی بھی ایوان میں لازمی حاضر ہونگے۔ ایک سوال کے جواب میں انکاکہناتھاکہ وزیراعظم تمام معاملات پر اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لے سکتے کیونکہ کچھ ایسے حساس معاملات ہیں جو سب کے سامنے آکر ڈسکس نہیں کئے جاسکتے ہیں حتی کہ ایسے سنگین معاملات حکومتیں اپنے اراکین اسمبلی اور کابینہ تک سے مخفی رکھتی ہیں لہذا اپوزیشن کو بھی ہر معاملے کو ایوان میں زیر بحث لانے کے لئے زور نہیں دینا چاہیے۔

تاریخ میں کبھی بھی طاقتور اور مظلوم قومیں برابر نہیں ہوتی ہیں جہاں ہماری قومی غیرت کا سوال ہے تو ہمیں چاہئیے کہ ہم اپنے گھر کو صاف کریں کیونکہ امریکہ کامطالبہ یہ ہے کہ وہ فاٹا اور وزیرستان میں آپریشن کریں کیونکہ یہاں سے لوگ جاکر افغانستان میں اتحادی افواج پرحملہ کرتے ہیں جبکہ افغانستان سے بھی لوگ آکر یہاں حملہ کرتے ہیں تاہم ہم ان سے اس طرح سے بات نہیں کرسکتے کیونکہ طاقت کی اپنی عقل اور دلائل ہوتے ہیں وہ کسی منطق کو نہیں مانتی لہذا ہمیں اس سپر پاور سے بچ بچا کر کام کرنا چاہیے۔ طالبان سے ماضی میں بھی مذاکرات کئے گئے ہیں جس طرح وہ مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئے اسی طرح ان مذاکرات کا بھی کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔