نواز شریف ملک کے چیف ایگزیکٹو ہیں ، وزیراعظم کا پارلیمنٹ میں جانا ضروری ہے ، اعظم خان سواتی

منگل 28 جنوری 2014 16:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک کے چیف ایگزیکٹو ہیں ، وزیراعظم کا پارلیمنٹ میں جانا ضروری ہے ، وزیر اعظم دہشتگردی جیسے حساس اور سنگین معاملے پر ایوان میں آکر تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت اعتماد میں لیں ۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کا پارلیمنٹ میں جانا بہت ضروری ہے کیونکہ وہ ملک کے چیف ایگزیکٹیو ہیں۔

اب اگر یہ کہتے ہیں کہ پارلیمنٹ جانا سنجیدگی نہیں ہے تو کل کو یہ بھی کہاجاسکتاہے کہ ملک چلانا سنجیدگی نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو درپیش مسائل سے نکالنا بہت ضروری ہے لیکن وزیر اعظم موصوف پارلیمنٹ آنے کی زحمت نہیں کرتے۔ بھارتی پارلیمینٹرین کہتے ہیں کہ ہم یہ سوچ بھی نہیں سکتے کوئی ملک ہماری سرزمین پر ڈرون حملے کرسکتاہو۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انکاکہناتھا تمام سیاسی جماعتوں بشمول رہنماوٴں کو یہ جاننا ضروری ہے کہ طالبان سے کئے جانے والے مذاکرات کے حوالے سے کیا فیصلے کئے گئے ہیں۔

اعظم سواتی نے کہاکہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ دہشتگردی جیسے حساس اور سنگین معاملے پر ایوان میں آکر تمام سیاسی جماعتوں کو حکومت اعتماد میں لے تاکہ اپوزیشن بھی اس اہم اور سنگین مسئلے پر آن بورڈ ہوسکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ امریکی پالیسیوں کو آگے بڑھانے کے لئے موجودہ حکومت کو اقتدار میں لایا گیا اب ہمیں اٹھ کھڑا ہوجانا چاہئے کہ ہم اپنے ملک میں امریکی پالیسیوں کا نفاذ نہیں ہونے دینگے۔

ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہمیں محض گومگو کیفیت سے نکالا جائے کہ اگر حکومت مذاکرات کرنا چاہتی ہے تو بھی واضح الفاظ میں بتائے اور اگر حکومت ان سے جنگ چاہتی ہے تو پھر بھی واشگاف الفاظ میں اس کا اعلان کیاجائے تاکہ ہم آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرسکیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہمارا صوبہ ہے اور ہمارے صوبے میں اتنے لوگ مارے جارہے ہیں لیکن حکومت بالکل خاموش ہے کوئی واضح پالیسی نہیں دے رہی ہے۔ اگر حکومت اے پی سی میں دیئے گئے مینڈیٹ کے مخالف فیصلہ کرنا چاہتی ہے تو اسے چاہیے کہ وہ اس فیصلے کے بارے میں تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے حکومت نے طالبان سے مذاکرات کی کبھی بھی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔