وزیر اعظم کا پارلیمنٹ نہ آنا کوئی معنی نہیں رکھتا ، وزیراعظم اپنا کام بخوبی کررہے ہیں ،روحیل اصغر

منگل 28 جنوری 2014 16:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 جنوری 2014ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما شیخ روحیل اصغر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کا پارلیمنٹ نہ آنا کوئی معنی نہیں رکھتا ، وزیراعظم اپنا کام بخوبی کررہے ہیں ،حکیم اللہ محسود مذاکرات کر ناچاہتے تھے ، وزیرداخلہ کے پاس حکیم اللہ کا خط بھی موجود ہے ،ہمیں ٹارگٹڈ آپریشن کر نا چاہیے ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کاپارلیمنٹ یا نہ آنا کوئی معنی نہیں رکھتا کیونکہ ان کا جو کام ہے وہ اپنا کام کررہے ہیں۔

یہ ایک غیر ضروری بحث ہے کیونکہ وزیر اعظم کے آنے سے پارلیمنٹ کو فرق تو نہیں ہوتا کیونکہ وہ اپنا کام بخوبی کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم کے ایوان میں آنے سے ایوان میں اراکین اسمبلی کی تعداد بھی بڑھائی جاسکے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کچھ معاملات ایسے ہیں جوسب کے سامنے ڈسکس نہیں کئے جاسکتے۔ طالبان سے کئے جانے والے مذاکرات کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کو معلوم تھا تاہم حکیم اللہ محسود کی موت کے بعد سب لوگوں نے آکر اس مسئلے پر پوائنٹ اسکورنگ شروع کردی۔

وزیرداخلہ کے پاس حکیم اللہ محسود کا خط بھی موجود ہے جس میں حکیم اللہ نے مذاکراتی وفد میں اپنے دو لوگوں کو شامل کرایاتھا تاہم اب اس اہم اور سنگین مسئلے پر وزیرداخلہ نے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا شروع کردیاہے۔ شیخ روحیل اصغر نے کہاکہ تمام لوگوں کی اپنی اپنی سوچ ہے تاہم حکومت کاایک اپنا فیصلہ ہوگا جسے سب کو تسلیم کرنا ہوگا۔

میری رائے میں ہمیں ٹارگٹڈ آپریشن کرنا چاہئے تاکہ ہم انہیں یہ بتاسکیں کہ ہمارے ہاتھ بندھے نہیں ہیں۔ آج کے اجلاس میں جو فیصلے کئے گئے ہیں تو یہ حقائق آئندہ چند روز میں ہمارے سامنے آجائیں گے۔ ہمارے ملک میں کئی ہمسایہ ممالک کی بھی بہت زیادہ مداخلت ہے اس مسئلے کو ہم نے دفتر خارجہ کے سامنے بھی اٹھایا ہے۔ کوئی بھی قومی مسئلہ جب اس موقع پر ہو کہ اب کوئی فیصلہ کرلیا گیاتو اس میں تمام قومی قیادت کواعتماد میں لیاجائے گا۔ ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ ہم بہت جلد دوسروں پر تنقید کرنے لگ جاتے ہیں۔ گزشتہ سات ماہ سے ہم نے بہت زیادہ کوششیں کی ہیں اور اب بہت جلد ہم ان تمام مسائل پر قابو پالیں گے۔

متعلقہ عنوان :