اپوزیشن کا وزیراعظم کے ایوان میں نہ آنے پرشدیداحتجاج ،علامتی واک آؤٹ، وزیراعظم نے موجودہ صورتحال میں پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینامناسب نہ سمجھا،شاہ محمودقریشی

پیر 27 جنوری 2014 22:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 جنوری ۔2014ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے وزیراعظم کے ایوان میں نہ آنے پرشدیداحتجاج کرتے ہوئے علامتی واک آؤٹ کیا اورموقف اختیار کیا کہ وزیراعظم نے موجودہ صورتحال میں پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینامناسب نہ سمجھا۔

(جاری ہے)

پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پراظہارخیال کرتے ہوئے تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر شاہ محمودقریشی نے کہاکہ ملک میں افراتفری پھیلی ہوئی ہے آر اے بازار سمیت کئی دھماکے ہوئے ،ملک گھمبیرمسائل سے دوچار ہے توقع تھی کہ وزیراعظم پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے اوربتائیں گے کہ ہمارا قبلہ کیا ہے مگر افسوس کہ وزیراعظم آج بھی نہ آئے انہوں نے مناسب نہ سمجھا کہ خود مختار پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں اپوزیشن نے تجویز دی تھی کہ وزیراعظم کے توجہ دلانے کیلئے ایک علامتی واک آؤٹ کیاجائے دیگراپوزیشن کی بھی حمایت حاصل ہے اس لئے ہم احتجاجاً اجلاس سے واک آؤ ٹ کرتے ہیں جس کے بعد تمام اپوزیشن ایوان سے چلی گئی سپیکرقومی اسمبلی سردارایاز صادق کی ہدایت پر وفاقی وزیر زاہد حامد اوربرجیس طاہراراکین کو منا کر واپس لے آئے۔