بی آئی ایس پی گریجویشن کے منصوبوں کو دوبارہ نئے سرے سے تشکیل دینے کے مراحل میں ہے ،انور بیگ ،مصرکے ساتھ طویل المیعاد تعلقات قائم کرنے کے خواہش مند ہیں ، مصر کے سفیر سید محمد السید ہندم سے گفتگو

پیر 27 جنوری 2014 22:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 جنوری ۔2014ء) چیئرمین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) انور بیگ نے کہا ہے کہ ادارہ گریجویشن کے منصوبوں کو دوبارہ نئے سرے سے تشکیل دینے کے مراحل میں ہے ،مصرکے ساتھ طویل المیعاد تعلقات قائم کرنے کے خواہش مند ہیں ۔ پیر کو پاکستان میں مقیم مصر کے سفیر سید محمد السید ہندم نے چیئرمین بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) انور بیگ سے بی آئی ایس پی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی جس دوران دونوں شخصیات نے سماجی تحفظ ، پیشہ وارانہ تربیت اور مائیکروفنانس کے شعبے میں تکنیکی مہارت پر تبادلہ خیال کیا۔

چیئرمین بی آئی ایس پی نے وضاحت کی کہ یہ ادارہ گریجویشن کے منصوبوں کو دوبارہ نئے سرے سے تشکیل دینے کے مراحل میں ہے۔انہوں نے کہا کہ و ہ مصرکے ساتھ طویل المیعاد تعلقات قائم کرنے کے خواہش مند ہیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین بی آئی ایس پی نے مصر کے سفیر کو اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ وزیراعظم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے تحت مستحقین کے ماہانہ وظیفے کو ایک ہزار روپے سے بڑھا کر بارہ سو روپے کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی اپنے مستحقین کوغیر مشروط مالی معاونت کے ذریعے امداد فراہم کرتا رہے گاجس کا بنیادی مقصد زیادہ سے زیادہ گھرانوں کو غربت کے چنگل سے نکالتے ہوئے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے اس کے علاوہ مزید گھرانوں کی تصدیق کرتے ہوئے غیر مشروط نقد رقم کی منتقلی میں رفتہ رفتہ توسیع بھی کریں گے۔چیئرمین نے سفیر کو بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے بی آئی ایس پی کی وسیلہ روزگار اسکیم میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی ہے اور اس سلسلے میں حکومت پنجاب بی آئی ایس پی کے ساتھ مل کر پیشہ وارانہ مہارت کی تربیت پر ایک قومی کمیٹی تشکیل دے رہی ہے جو تمام صوبائی حکومتوں کے نمائندوں پر مشتمل ہو گی۔

اس موقع پر سفیر سید محمد السید ہندم نے چیئرمین بی آئی ایس پی کو بتایا کہ مصر کی حکومت نے بھی ایک سماجی فنڈمختص کیا ہے جس کا مقصدغریبوں کو کاروبار شروع کرنے کے لئے مائیکروفنانس فراہم کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :