اسلام آباد ،چیئرمین پیمرا کو عہدہ چھوڑنے سے متعلق ملنے والی دھمکیوں پر تمام فریقین کو نوٹسز جاری ، شق وار جواب طلب

پیر 27 جنوری 2014 20:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 جنوری ۔2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پیمرا چوہدی عبدالرشید کو عہدہ چھوڑنے سے متعلق ملنے والی دھمکیوں پر تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے شق وار جواب طلب کر لیا ہے۔ پیر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ریاض احمد نے چیئرمین پیمرا کو ملنے والی دھمکیوں سے متعلق درخواست کی سماعت کی چیئرمین پیمرا چوہدری عبدالرشید کے وکیل وسیم سجاد ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موٴکل کو مسلسل جبری رخصت پر جانے اور عہدہ چھوڑنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

درخواست گذار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ چیئرمین پیمرا چودھری عبدالرشید کو حکومت کی طرف سے کوئی وجہ بتائے بغیر برطرف کیا گیا تھا تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کے موٴکل کی بحالی کے احکامات جاری کیے تھے، وکیل نے کہا کہ اس سے قبل حکومت کی طرف سے چیئرمین نادرا طارق ملک کو دھمکیاں دے کر استعفیٰ دینے پر مجبور کیا گیا، جس کے بعد حکومت کی طرف سے اکاؤنٹنٹ جنرل کو جبری رخصت پر بھیج دیا گیا۔

(جاری ہے)

اب میرے موٴکل پر دباو ڈلا جا رہا ہے، اور جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں۔عدالت نے چیئرمین پیمرا کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد وفاق، آئی جی پولیس، سیکرٹری اطلاعات، ایف آئی اے اور ممبر ایگزیکٹیو بورڈ راوٴ تحسین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

متعلقہ عنوان :