Live Updates

تحریک انصاف کا این اے 69خوشاب کے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کیخلاف الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ ، حلقے کے انتخابی نتائج روک کر انگوٹھے کے نشانوں سے دوبارہ گنتی کیلئے الیکشن کمیشن درخواست دائر کر دی گئی، خوشاب کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ تک جائیں گے، عمران خان اعلان ،حکومت خاموشی کیساتھ پانچ سال گزارنا چاہتی ہے ،تحریک انصاف صا ف شفاف انتخابات کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی ، خطاب

پیر 27 جنوری 2014 20:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 جنوری ۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کا این اے 69خوشاب کے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا حلقے کے انتخابی نتائج روک کر انگوٹھے کے نشانوں سے دوبارہ گنتی کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست دائر کر دی گئی جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خوشاب کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ تک جائیں گے،چیف جسٹس ملک کی جمہوریت کو بچائیں۔

آٹھ ماہ قبل صرف چار حلقوں کے نتائج کا انگوٹھوں کے نشان سے دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا گیا تھا جو آج تک پورا نہیں کیا گیا اگر حکومت اس پر عمل درآمد کو یقینی بنا دیتی تو آج یہ نوبت نہ آتی،حکومت خاموشی کے ساتھ اپنے پانچ سال گزارنا چاہتی ہے مگر تحریک انصاف صا ف شفاف انتخابات کے لئے جدوجہد جاری رکھے گی تحریک انصاف نے صرف 4حلقوں میں انگوٹھوں کی نشاندہی کے ذریعے دوبارہ گنتی کا کہا، جن میں سے 3حلقوں میں ہائیکورٹ کے ذریعے حکم امتناہی کے ذریعے روکا جا رہا ہے اور مسلم لیگ ن اس میں بری رکاوٹ ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے خوشاب کے حلقہ این اے 69میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر بھرپور احتجاج کیا اور حلقے کے انتخابی نتائج روک کر تھمب امپریشن سے دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا ۔اس موقع پر این اے 69سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمر اسلم کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ایک درخواست بھی جمع کروائی گئی ، درخواست میں الیکشن کمیشن آپ پاکستان سے دو مطالبے کیے گئے ہیں جن میں حلقے کے موجودہ انتخابی نتائج روکنے اور انگوٹھوں کے نشان سے دوبارہ گنتی کے مطالبے شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پولنگ کے وقت میں ایک گھنٹہ کی توسیع دھاندلی کرنے کیلئے کی گئی جس کا فیصلہ الیکشن کمیشن میں پنجاب کے نمائندے جسٹس کیانی نے کیا۔ دھند کو جواز بنا کر وقت میں ایک گھنٹہ کی توسیع کی گئی جبکہ اس دن دھند نام کی کوئی چیز نہیں تھی ۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کے ذریعے آئی ہے ،تحریک انصاف نے 8ماہ قبل قومی اسمبلی کے کوئی سے بھی چار حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات سے دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا تھا مگر حکومت نے دھاندلی بے نقاب ہونے کے ڈر سے آج تک یہ مطالبہ تو پور ا کیا نہیں اور اس ضمن میں اقدامات کرنے والے سابق چیئرمین نادرا طارق ملک کو عہدے سے ہٹا کر اپنی راہ کی رکاوٹیں صاف کر دی ہیں۔

عمران خان نے اعلان کیا کہ وہ ضمنی الیکشن میں ہونے والے دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان تک جائیں گے،انہوں نے مبینہ دھاندلی پر چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا ۔اس موقع پر تحریک انصاف کے راہنما اور این اے 69کے امیدوار عمر اسلم نے کہا کہ حلقے میں میں تین لاکھ 37ہزار رجسٹرڈ ووٹر ہیں جبکہ الیکشن میں ٹرن آوٴٹ 35فیصد رہا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے 40ہزار بوگس ووٹ پول کیے گئے جو اگر نکال لئے جائیں تو وہ مخالف امیدوار سے 20ووٹوں کی برتری سے کامیاب قرار پاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست دی گئی ہے جس میں مذکورہ مطالبہ رکھے گئے ہیں اور اس کے خلاف اگلا لائحہ سپریم کورٹ میں جانے کا طے کیا گیا ہے تاہم ان کی ذاتی رائے ہے کہ اس دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کو ملک گھیر احتجاج شروع کرنا چاہئے جس کے لئے وہ پارٹی چیف عمران خان کو راضی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مظاہرے سے پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، صدر شمالی پنجاب صدقت علی عباسی ، صدر اسلام آباد عامر مغل، رہنما تحریک انصاف علی نواز اعوان سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات