صوبائی حکومت میرٹ اور انصاف کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے،شوکت یوسفزئی، کوہستان کو دو اضلاع اپر اور لوئر میں تقسیم کرنے کے سلسلے میں عوام کو اعتماد میں لیا جائے گا،وفد سے گفتگو

پیر 27 جنوری 2014 20:36

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 جنوری ۔2014ء)خیبر پختونخوا کے وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی نے کوہستان لوئر کے عوام کو حقوق کی فراہمی اور انہیں درپیش مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت میرٹ اور انصاف کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور بلاامتیاز عوامی مسائل کے خاتمے کے لئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوہستان کو دو اضلاع اپر اور لوئر میں تقسیم کرنے کے سلسلے میں عوام کو اعتماد میں لیا جائے گا اور زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلے کئے جائیں گے تاکہ کسی سے کوئی نا انصافی نہ ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پشاور میں کوہستان لوئر کی تحصیل پالس حلقہ پی کے۔62 سے ممبر صوبائی اسمبلی مولانا عصمت اللہ کی قیادت میں آئے ہوئے کثیر رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

وفد میں عمائدین علاقہ کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی شامل تھے۔اس موقع پر وفد نے کوہستان کو دو اضلاع کوہستان اپر اور کوہستان لوئر میں تقسیم کرنے اور پٹن کو کوہستان لوئر کا ہیڈ کوارٹر بنائے جانے کے سلسلے میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سلسلے میں عوام کو بالکل اعتماد میں نہیں لیا گیا۔

انہوں نے صوبائی وزیر صحت شوکت علی یوسفزئی سے درخواست کی کہ وہ کوہستان لوئر کے عوام کو حقوق کی فراہمی میں ان سے تعاون کریں اور عوام کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں سے حکومت کو آگاہ کریں۔ وزیر صحت نے مذکورہ معاملے میں عوامی تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے مسائل کو الجھانا نہیں بلکہ حل کرنا چاہتی ہے حکومت نے اگر کوہستان کو دو اضلاع میں تقسیم کرنے کے مطالبہ پر رضا مندی کا اظہار کیا ہے اور کوہستان اپر اور کوہستان لوئر دو اضلاع بنائے جا رہے ہیں تو وہ بھی وہاں کے عوام کی خواہشات و ضروریات کے مطابق ہے اس سلسلے میں اگر عوام کے کچھ تحفظات ہیں تو انہیں دور کرنے کیلئے بھرپور کوشش کی جائے گی اور کسی سے کوئی نا انصافی نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ قانونی تقاضوں اور زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے مسائل حل کئے جائیں گے۔وزیر صحت نے اس موقع پر وفد کو ہدایت کی کہ وہ عوامی امنگوں کے مطابق باہمی مشاورت سے اس سلسلے میں اپنی تجاویز و سفارشات لے کر آئیں تاکہ انکے مطابق مسائل کاحل نکالا جا سکے۔انہوں نے کوہستان لوئر کے عوام کی طرف سے اپنے حقوق کے لئے پر امن طریقہ ا ختیار کرنے اور اپنے مسائل سے حکومت کو آگاہ کرنے کے پر امن اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی موجودہ صوبائی حکومت عوام کی زندگی کو حقیقی تبدیلی سے ہمکنار کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور بلا امتیاز عوامی مسائل کے خاتمے میں مصروف عمل ہے اور یہی جمہوریت کا خاصہ ہے۔

عوام کو چاہیے کہ وہ بھی جمہوری اقدار کے فروغ اور انصاف کی بالاد ستی میں حکومت وقت کا ساتھ دیں۔وفد نے اس موقع پر صوبائی حکومت کے عوام دوست اقدامات اور میرٹ کو یقینی بنانے کے عمل کو سراہتے ہوئے اپنی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور مسائل میں گہری دلچسپی لینے پر وزیر صحت کا شکریہ ادا کیا۔