کراچی میں ڈبل سواری پرپابندی کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے گئے ،پابندی کے پہلے دن ہی موٹرسائیکل سوارمسلح افراد نے دو سگے بھائیوں سمیت 5افراد کو قتل کردیا ،مچھر کالونی سے گرفتار ملزم کا 11 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف، ٹارگیٹڈآپریشن کے دوران95افرادکو حراست میں لے کراسلحہ برآمدکرلیا گیا

پیر 27 جنوری 2014 20:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 جنوری ۔2014ء) کراچی میں ڈبل سواری پرپابندی کے احکامات دہشت گردوں نے ہوا میں اڑادیئے ،فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پیر کو دو سگے بھائیوں سمیت 5افراد جاں بحق ہوگئے ۔مچھر کالونی سے گرفتار ملزم نے 11 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیاہے بکہ قانون نافذکرنے والے اداروں نے ٹارگیٹڈآپریشن کے دوران95افرادکو حراست میں لے کراسلحہ برآمدکرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ٹارگٹ کلنگ کو روکنے کے لئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے مگر ٹارگٹ کلرز نے پابندی کو ہوا میں اڑا دیا۔پیر آباد تھانے کی حدود اورنگی ٹاون قصبہ کالونی مسلم آباد میں موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے دکان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو بھائی34سالہ محمد ریاض ولدمحمدانور اور 38سالہ محمدابراہیم ولدمحمدانور جاں بحق ہو گئے۔

(جاری ہے)

ایس پی اورنگی چوہدری اسد کے مطابق مقتول ریاض اور ابراہیم دکان کھولنے جارہے تھے کہ نامعلوم موٹرسائیکل سوارافراد نے فائرنگ کرکے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واقعہ ذاتی دشمنی کاشاخسانہ ہے۔چوہدری اسدکے مطابق مقتولین پر اس سے قبل بھی کئی حملے ہوچکے ہیں اور شواہد کی مدد سے پولیس ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کررہی ہے۔پولیس کے مطابق دونوں بھائیوں کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے ، مقتولین کے بھائی حاجی محمدابراہیم علاقے میں سماجی کاموں کے حوالے سے معروف ہے ۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہیداسپتال منتقل کردیا گیا۔شاہ لطیف تھانے کی حدود ملیر جام کھنڈ روڈ پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی ،فائرنگ کے نتیجے میں 30سالہ عبدالغنی ولد بار دار ہلاک ہوگیا ،فائرنگ کی زد میں آکر 25سالہ عبدالصمد ولد فیض اللہ زخمی ہوگیا ۔مقتول جانوروں کا بیوپاری ،9بہنوں کا اکلوتا بھائی بتایا جاتا ہے ۔

پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا نتیجہ ہے ۔مقتول کوئٹہ پشتون باغ کا رہائشی ہے اور کام کے سلسلے میں کراچی میں آیا ہوا تھا ۔مدینہ کالونی تھانے کی حدود بلدیہ ٹاوٴن بسم اللہ چوک جنگل اسکول کے قریب مسلح افراد نے 40سالہ میر باز خان آفریدی ولد محمد نواز خان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا ۔مقتول 6بچوں کا باپ ،5بھائیوں میں تیسرے نمبر پر، آئل ٹینکر کا ڈرائیور اور مسکین محلہ شاہ خالد کالونی بلدیہ ٹاوٴن کا رہائشی تھا ۔

ذرائع کے مطابق مقتول کو اسپتال تک لانے والی مسرت نامی خاتون مقتول کی لاش کو اسپتال چھوڑ کر فرار ہوگئی ۔ناردرن بائی پاس کے علاقے لیاری تیسر ٹاوٴن میں 50سالہ فہمیدہ زوجہ تاج محمد کی پھندا لگی لاش ملی ہے ۔لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ ادھرسخی حسن کے قریب ہارون شاپنگ مال کے سروس روڈپر نامعلوم افرادنے فائرنگ کرکے 35سالہ محمدشاہد ولدمحمدشاکرکوزخمی کردیا۔

زخمی کو طبی امدادکے لیے عباسی شہیداسپتال منتقل کردیا گیا۔نپیئر سٹی تھانے کی حدود ٹمبرمارکیٹ گلی نمبر 9میں فائرنگ سے 28سالہ ہارون ولد غفار ،بغدادی تھانے کی حدود شاہ ولی اللہ روڈ لیاری میں 25سالہ راحیل ولد قاسم ،پیپلز گراوٴنڈ مزار قائد کے قریب 35سالہ گل حسن ولد علاوٴ الدین ،اورنگی ٹاوٴن نمبر 15فوجی ہوٹل کے قریب 30سالہ صابر ولد عزیز اور 28سالہ دانش ولد سردار علی زخمی ہوگئے ۔

دریں اثنا کراچی کے علاقے مچھر کالونی سے گرفتار ملزم وسیم نے 11 افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیاہے۔پولیس کے مطابق گزشتہ روز مچھرکالونی سے ایک کارروائی کے دوران ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں مطلوب ملزم وسیم کو گرفتار کیاگیاتھا۔دوران تفتیش ملزم وسیم نے گیارہ افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔پولیس کے مطابق ملزم نے ٹارگٹ کلنگ کی وارداتیں مچھرکالونی اور لیاری میں کی جبکہ ملزم وسیم تاجروں سے لاکھوں روپے بھتہ بھی طلب کرتا تھا ۔

دوسری جانب رینجرز نے اے بی سینیا لائن میں چھاپہ مار کر تین افراد کو حراست میں لیا۔ ان افراد کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔ ایسٹ زون پولیس نے گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ترانوے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے منشیات، اسلحہ، تین موٹرسائیکلیں اور دیگر مسروقہ سامان برآمد ہوا۔

متعلقہ عنوان :