بلدیاتی انتخابات،جمعیت علماء اسلام، عوامی نیشنل پارٹی اور پیپلز پارٹی نے سہ فریقی اتحاد کااعلان کردیا، تینوں جماعتیں ایک ہی نشان اور ایک ہی نام سے اگلے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گی،عبوری سربراہ میاں افتخارحسین

پیر 27 جنوری 2014 20:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27 جنوری ۔2014ء) جمعیت علماء اسلام، عوامی نیشنل پارٹی اور پیپلز پارٹی نے سہہ فریقی اتحاد کے قیام کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں مشترکہ پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ماضی کے حریف سہہ فریقی اتحاد کے لئے ایک ہی نام اور الیکشن نشان کے حصول پر بھی متفق ہو گئے ہیں۔پشاور کے مقامی ہوٹل میں تینوں جماعتوں کا مشترکہ اجلاس منقعد ہوا جس میں عوامی جمعیت علماء اسلام سے مولانا فضل الرحمن کے بھائی مولانا عطاء الرحمن، سینیٹر حاجی غلام علی، آصف اقبال داؤدزئی اور عبد الجلیل جان، عوامی نیشنل پارٹی سے میاں افتخار حسین ، سید عاقل شاہ اور سیکرٹری اطلاعات صدرالدین خان جبکہ پیپلز پارٹی سے رحیم داد خان، نجم الدین خان اور فیصل کریم کنڈی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار حسین کو سہہ فریقی اتحاد کا عبوری سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے جبکہ حاجی غلام علی سینئر نائب صدر، نجم الدین خان جنرل سیکرٹری اور عبدالجلیل جان سیکرٹری اطلاعات چن لئے گئے ہیں۔ عبوری کابینہ ایک مہینے کے لئے منتخب کی گئی ہے۔ میاں افتخار حسین کہا کہنا تھا کہ تینوں جماعتیں ایک ہی نشان اور ایک ہی نام سے اگلے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینگی۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد کا دائرہ کار اضلاع کی سطح تک پھیلایا جائیگا۔