Live Updates

چیف جسٹس اورالیکشن کمیشن ملک میں جمہوریت کو بچانے کیلئے اپنا کردارادا کریں، عمران خان

پیر 27 جنوری 2014 19:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27جنوری۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انتخابات میں ہونے والی دھاندلیوں پر الیکشن کمیشن کو سانپ سونگھ گیا اس لئے وہ چپ کرکے بیٹھا ہوا ہے۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 69 خوشاب میں انتخابی دھاندلیوں کے حوالے سے اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ چپ کرکے 5 سال گزار لے لیکن شفاف الیکشن تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 11 مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں تاریخی دھاندلی ہوئی جس کا ثبوت یہ ہے کہ حکومت دوبارہ ووٹوں کی گنتی کرانے سے ڈر رہی ہے۔ انتخابات میں ہونے والی دھاندلیوں پر الیکشن کمیشن کو سانپ سونگھ گیا اس لئے وہ چپ کرکے بیٹھا ہوا ہے۔ چیف جسٹس اور الیکشن کمیشن سے درخواست کرتا ہوں کہ ملک میں جمہوریت کو بچائیں۔واضح رہے کہ خوشاب کے حلقہ این اے 69 میں ضمنی انتخابات کے دوران مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک عزیز 92 ہزار 805 ووٹ لے کر کامیاب قراردیئے گئے جب کہ تحریک انصاف کے امیدوار عمر اسلم 71ہزار 197 ووٹ لے کر دوسرے نمبر رہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات