پیپلز پارٹی آج بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کو تیار ہے، نثار کھوڑو

پیر 27 جنوری 2014 17:51

پیپلز پارٹی آج بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کو تیار ہے، نثار کھوڑو

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27جنوری 2014ء) سندھ کے وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آج بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کو تیار ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے خلاف دوسرے لوگ عدالت گئے ہوئے ہیں اور وہ ہی التوا کے ذمہ دار ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور عوام کے ووٹوں سے ہمیشہ اقتدار میں آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1983 کے غیر جماعتی انتخابات کا بائیکاٹ کر کے غلطی کی تھی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ سندھ بھر سے نقل کلچر کا مکمل خاتمہ کر دیں گے ، انتہائی سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے آئندہ سال سے سندھ کے تمام امتحانی مراکز پر رینجرز کی خدمات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر تعلیم نثار کھوڑو نے 253 اساتذہ میں تقرر نامے تقسیم کیے جن میں 57 کا تعلق کراچی ، 38 کا تعلق میرپور خاص، اور 148 اساتذہ کا تعلق حیدر آباد سے ہے۔

وزیر تعلیم نے بتایا کہ آئندہ تین ماہ میں سات ہزار جے ایس ٹی اور بارہ ہزار پی ایس ٹی اساتذہ کو تقرر نامے جاری کیے جائیں گے۔ سینئر صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ عالمی بینک کی جانب سے محکمہ تعلیم سندھ کیلئے 16 ارب روپے کا مالیاتی پلان منظور کر لیا گیا ہے جو کہ محکمہ تعلیم پر اعتماد کا اظہار ہے۔