ریلوے مسافروں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، خواجہ سعد رفیق

اتوار 26 جنوری 2014 16:12

ریلوے مسافروں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، خواجہ سعد رفیق

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26جنوری 2014ء) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ریلوے مسافروں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، جو دہشت گرد کارروائی کرے گا،ان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔لاہورمیں پریس کانفرنس کے دوران وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کی ترقی کے لئے جو ہوسکا کریں گے، موجودہ حکومت نے ریلوے کی بحالی کے لئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں اور مزید اقدامات کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ رواں مالی سال گزشتہ برسوں کے مقابلے میں ریلے کا خسارہ کم ہوگا۔

ریلوے میں کنٹینر سروس کا آغاز کردیا گیا ہے اور کراچی سے ایک کنٹینر ٹرین آچکی ہے، ریلوے کی زمینوں کو کمرشل بنیادوں پر استعمال کرنا چاہتے ہیں، ریلوے کو اشتہاری مہم کے استعمال کے لئے اخبارات میں اشتہارات دے چکے ہیں اور کئی کمپنیاں رابطے بھی کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

ریلوے کی بحالی کے لئے صوبائی حکومتوں کو مثالی تعاون کرنا چاہئے جو اب تک نہیں ملا، صوبوں کو ریلویز سے اپنی زمینوں کے کمرشل استعمال میں حصہ نہیں مانگنا چاہئے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ چین سے 23 ریلوے انجن جلد ہی مل جائیں گے، نئے انجنوں کی مرمت اور حفاظت کے لئے کچھ لوگوں کو تربیت کے لئے چین بھیجا گیاہے، اس کے علاوہ پورے ملک میں ریلوے ڈویژنل ان ہاؤس کنسلٹنٹ کا نظام متعارف کرا رہے ہیں، ریلوے کی زمینوں کو کمرشل استعمال کی فراہمی کنسلٹنٹس کریں گے اس سلسلے میں کراچی میں ان ہاؤس کنسلٹنٹ نظام کے لئے کام ہو رہا ہے، امید ہے جلد ہی یہ سلسلہ شروع ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کے لئے بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں لیکن اس منصوبے میں کئی تیکنیکی مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :