کراچی کے علاقے لانڈھی میں پولیس موبائلوں پردستی بم حملہ اور فائرنگ، 6 پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد جاں بحق، بم حملے، فائرنگ مہاجر قومی موومنٹ کے چئیرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ کے باہر ہوئے

ہفتہ 25 جنوری 2014 22:21

کراچی کے علاقے لانڈھی میں پولیس موبائلوں پردستی بم حملہ اور فائرنگ، ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25جنوری۔2014ء) کراچی کے علاقے لانڈھی میں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ کے قریب پولیس موبائل پر دستی بم حملے میں 3 اہلکاروں سمیت4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ لانڈھی تھانے کی حدود میں ہی فائرنگ کےدوسرے واقعے میں بھی 3 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔نجی ٹی وی کے مطابق پہلا واقعہ لانڈھی نمبر 6 میں پیش آیا جہاں مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ کے قریب ڈیوٹی پر تعینات پولیس موبائل پر نامعلوم افراد نے دستی بم حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے ،جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق موبائل پر سڑک کی دوسری جانب سے نامعلوم ملزمان کی جانب سے دستی بم حملہ کیا گیا،حملے کے نتیجے میں پولیس موبائل تباہ ہوگئی اور ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ حملے میں زخمی ہونے والے 2 اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے،جاں بحق ہونےوالے پولیس اہلکاروں میں اے ایس آئی نعیم،پولیس کانسٹیبل آصف اور خلیل شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پولیس پر حملے کا دوسرا واقعہ بھی لانڈھی تھانے کی حدود اسپتال چورنگی کےقریب پیش آیا جہاں پولیس موبائل پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے پولیس موبائلوں پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے جاں بحق ہونے والے اہلکاروں کے غم زدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے،سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی شہادتیں رائیگاں نہیں جائیں گی پولیس اور رینجرز کا مورال بلند ہے۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کی جانب سے بھی پولیس پر حملوں کی مذمت کی گئی ہے اور جاں بحق ہونےوالوں کے ورثا سے تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔