مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر عدالت کا فیصلہ قبول ہو گا: احمد رضا قصوری

ہفتہ 25 جنوری 2014 17:31

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25جنوری 2014ء) سابق صدر پریوز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر عدالت کا فیصلہ قبول ہو گا اگر سابق صدر غدار ہیں تو پھر وفادار کون ہے، ایم کیو ایم اور پرویز مشرف کی لیگل ٹیم نے پرویز مشرف کے کیس کے حوالے سے مشترکہ کمیٹی کے قیام پر اتفاق کر لیا ہے۔

سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل احمد رضا قصوری نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے متصل خورشید بیگم سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوئنر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے احمد رضا قصوری کا کہنا تھا کہ وہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرنے نائن زیرو پہنچے ہیں کہ انہوں نے مشکل وقت میں انکا ساتھ دیا۔

(جاری ہے)

احمد رضا قصوری کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتیں جو پرویز مشرف پر طرح طرح الزامات لگا رہی ہیں وہ افواج پاکستان کے ادارے کی توہین ہے ، فوج کے سربراہ کو غدار کہنا سب سے بڑی غداری ہے۔ احمد رضا قصوری کا کہنا تھا کہ اس وقت پرویز مشرف جوڈیشل کسٹڈی میں ہیں اگر انہیں کچھ ہوا تو اسکی زمہ دار حکومت بھی ہو گی اور عدلیہ بھی انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی میڈیکل رپورٹ پر عدلیہ کا فیصلہ قبول ہوگا۔

انہوںٕ نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اس کیس کے حوالے سے تین تین ممبران پر مشتمل مشترکہ کمیٹی کے قیام پر حامی بھری ہے جو تمام تر معاملات کا جائزہ لینے کے بعد حکمت عملی مرتب کرے گی۔ احمد رضا قصوری کا کہنا تھا کہ وکیل کے پاس زبان ، صحافی کے پاس قلم اور فوج کے پاس بندوق کی طاقت ہوتی ہے۔ مشرف کے خلاف منفی پروپگینڈا کرنے والے آخر افواج پاکستان اور بھارتی فوج کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔