پاکستانی ماہرین کی جانب سے ان کے ملک کیلئے فنی معاونت سے زرعی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی ، نیپالی سفیر

ہفتہ 25 جنوری 2014 16:09

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25جنوری 2014ء)پاکستان میں نیپال کے سفیر بھرت راج پاڈیہال نے کہاہے کہ پاکستانی ماہرین کی جانب سے ان کے ملک کیلئے فنی معاونت سے زرعی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی ،پاکستان کے ساتھ زراعت اور تعلیمی شعبے میں تعاون کومضبوط بنانے کی ضرورت ہے ، پاکستان میں بھی بائیو گیس سے استفادہ کرکے توانائی کے بحران پر قابو پایاجاسکتاہے۔

وہ جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے دورہ اور سینئر مینجمنٹ سے ملاقات کے دورا ن گفتگو کررہے تھے انہوں نے یونیورسٹی کی عمومی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں‘ بین الاقوامی پروگرامز اور پاکستان و نیپا ل کے مابین اعلیٰ تعلیم‘ زراعت اور بائیو انرجی کے شعبہ جات میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائد ہ اُٹھانے اور ممکنہ تعاون کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا نیپالی سفیر نے بتایا کہ پاکستانی ماہرین کی جانب سے ان کے ملک کے لئے فنی معاونت سے زرعی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

نیپال کے سفیر بھرت راج پودوال نے پاکستان کے ساتھ زراعت اور تعلیمی شعبے میں تعاون مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خان سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ماہرین کی فنی معاونت سے نیپال میں زرعی پیداوار بڑھانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ نیپال نے سولر انرجی کے شعبہ میں بھی خا طر خواہ کامیابی حاصل کی ہے جس کی وجہ سے توانائی کا یہ اہم ذریعہ بھی تیزی سے فروغ پا رہا ہے۔

اس موقع پر نیپالی سفیر کو بریفنگ میں وائس چانسلرڈاکٹر اقرار احمدخان نے بتایا کہ ان کا ادارہ نیپالی نوجوانوں کیلئے مختلف ڈگری پروگرامز خصوصاً فوڈ نیوٹریشن و ڈائی ٹیٹکس‘ انرجی سسٹم انجینئرنگ ‘فوڈ انجینئرنگ اور بائیو ٹیکنالوجی پروگرامز میں اعلیٰ تعلیم کے مزید مواقع فراہم کر سکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے یونیورسٹی میں بائیو انرجی پروگرام کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد توانائی کے مختلف ذرائع پر مزید تحقیق کے مواقع ملیں گے۔